حکومت تین سالوں سے کسانوں کو ذلیل وخوار کرنے والی پالیسی اپنائے ہوئے ہے‘ سعدیہ سہیل رانا

بدھ 16 مارچ 2016 13:33

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت تین سالوں سے کسانوں کو ذلیل وخوار کرنے والی پالیسی اپنائے ہوئے ہے،محکمہ مال تحصیلدار اور پٹواریوں کا باردانہ کی تقسیم میں کردار ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے زراعت و خوراک کے متعلقہ محکموں کے وزیر، مشیر اور افسر شاہی اسلام آباد اور لاہور میں بیٹھ کر قومی دولت پر مزے لوٹتے ہیں جبکہ کسان کا مسلسل استحصال ہو رہا ہے۔

کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے پنجاب کی70 فیصد آبادی کاانحصار زراعت پر ہے لیکن حکومت ماڈل ٹاؤن اور اس کے ارد گرد سڑکوں اور پلوں تک محدود ہے انہوں نے کہا کہ گندم کی سرکاری خریداری اور سٹوریج کے لئے کوئی ٹھوس انتظامات نہیں۔

(جاری ہے)

ہمارے حکمران اور افسر شاہی ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہیں لاکھوں کسانوں اور کروڑوں عوام کا فائدہ پہنچانے کے لئے فوڈ پالیسی کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ زرعی اجناس کی قیمتیں بڑھانے کی بجائے پیداواری اخراجات مثلاً کھاد، ڈیزل، بجلی اسپرے اور زرعی مشینری کی قیمتیں فوراً نصف کی جائیں، عام گندم اور ایکسپورٹ کوالٹی گندم کا علیحدہ علیحدہ ریٹ مقرر کیا جائے۔

محکمہ خوراک ملکی ضرورت کے لئے FAQ کوالٹی گندم خریدے اور محکمہ پاسکو برآمد کے لئے ایکسپورٹ کوالٹی خریدے۔ جس کیلئے سنٹر بنائے جائیں، گندم کے زرعی زونوں میں زیادہ سے زیادہ جدید سٹور بنائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :