کرکٹ مسائل حل کرنے، ٹیم ناکامیوں سے نکالنے کیلئے سابق کھلاڑیوں سے مشاورت کا فیصلہ

بدھ 16 مارچ 2016 13:57

کرکٹ مسائل حل کرنے، ٹیم ناکامیوں سے نکالنے کیلئے سابق کھلاڑیوں سے مشاورت ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ملکی کرکٹ کے مسائل حل کرنے اور ٹیم کو ناکامیوں سے نکالنے کیلئے ماضی کے عظیم کھلاڑیوں سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی ناکامی کے بعد قائم کی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے آئندہ اجلاس کیلئے سابق کپتان محمد یوسف، سابق کپتان راشد لطیف، شعیب اختر، عامر نذیر، جلال الدین اور محمد وسیم کو آئندہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی ہے۔

پی سی بی نے قومی ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کی وجوہات جاننے کیلئے سابق کھلاڑیوں سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی سے بیانات لئے جا چکے ہیں۔ دو سابق کپتانوں اور بہترین کرکٹرز کو دعوت دینے کا فیصلہ بھی غیرجانبدار رائے لینے کیلئے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بلائے جانیوالے سابق کرکٹرز مختلف ٹی وی چینلز پر مبصر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے نظر آتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ میں ناکامی کے بعد تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی جس میں یونس خان اور مصباح الحق کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ دونوں موجودہ کرکٹرز ابھی تک کسی اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے۔ اب محمد یوسف، راشد لطیف، شعیب اختر، جلال الدین، عامر نذیر اور محمد وسیم کے تجربے سے فائدہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :