پاکستان مدر سہ ایجوکیشن بورڈ کا اجلاس 17مارچ کو وزارت مذہبی امور کے کمیٹی روم میں ہوگا ‘سردار محمد یوسف صدارت کرینگے

بدھ 16 مارچ 2016 14:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان مدر سہ ایجوکیشن بورڈ کا اجلاس 17مارچ کو وزارت مذہبی امور کے کمیٹی روم میں ہوگا ۔اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کریں گے۔ اجلاس میں شرکت کے لیے چیئر مین پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ڈکٹر عامر طاسین کی جانب سے بورڈ اراکین سیکرٹری مذہبی امور، سیکریٹری وزارت سائنس ٹیکنالوجی ، سیکریٹری وزارت تعلیم ، چیئر مین ہائیر ایجوکیشن کمیشن، چاروں صوبائی سیکریٹری تعلیم،دو اراکین اسلامی نظریاتی کونسل، پانچ وفاقوں کے ناظمین ، ڈائریکٹر جنرل دعوہ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی،چیئرمین شعبہ اسلامیات بلوچستان یونیورسٹی ،چیئرمین انٹر بورڈ کو آرڈینشن کمیٹی ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے منتخب دو نمائندوں و دیگر کو بھی دعوت نامے ارسال کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بورڈ رکن کی منظوری، نئے ماڈل دینی مدارس کھولنے کی تجویز کے علاوہ پاکستان بھر کے 500سے زائدپرائیویٹ دینی مدارس کے الحاق کی منظوری اور اُن مدارس کو ایک سرکاری دینی نصاب پر عمل در آمد کے علاوہ مزید الحاق شدہ مدارس کیلئے سہولیاتی پروگرامز اوربی اے اور ایم اے کی مساوی سند دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کا شعبہ امتحانات / سکریسی برانچ کی بحالی کے علاوہ پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے ملازمین کیلئے پہلی مرتبہ سروس قوانین کی منظوری بھی لی جائے گی ۔

موجود ہ چیئر مین ڈاکٹر عامر طاسین پا کستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈکے پہلے باضابطہ چیئرمین ہیں جن کی باقاعدہ سیلکشن کمیٹی اور وزیر اعظم کی منظوری سے 4 اگست2014کو( برائے تین سال) تقرری عمل میں لائی گئی تھی۔ موجودہ چیئر مین نے گیارہ سال بعد 11مارچ 2015کو بورڈ کااجلاس بلایا تھا جس کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ہی کی تھی اور جس میں کئی اہم فیصلے کیے تھے اور اب اُن فیصلوں کی روشنی میں دوسرا اجلاس17مارچ 2016کومنعقد کیا جا رہا ہے جس میں خصوصی طور نئے الحاق مدارس کی منظوری اور انہیں سہولیاتی پروگرام بھی دینے کی سفارش کی جائے گی۔