حماس کے وفد کی لبنان میں بھارتی خاتون سفیر سے ملاقات

فلسطین، بھارت تعلقات، لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھارت فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گا، انیتا نیر کی حماس وفد کو یقین دہانی

بدھ 16 مارچ 2016 14:05

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) حماس کے لبنان میں متعین مندوب علی برکہ نے جماعت کے ایک وفد کے ہمراہ لبنان میں بھارت کی خاتون سفیر انیتا نیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطین اور بھارت کے درمیان تعلقات اور لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق حماس کے مندوب نے بھارتی خاتون سفیرسے ملاقات کے دوران انہیں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز روزمرہ کی بنیاد پر نہتے فلسطینیوں کو شہید کررہی رہیں جب کہ فلسطینی قوم آزادی کیلئے دشمن کے بدترین مظالم کیخلاف پوری قوت سے کھڑی ہے۔خیال رہے گزشتہ روز بیروت میں بھارتی سفیر سے ملاقات کرنیوالے حماس کے وفد میں جماعت کے شعبہ اطلاعات کے انچارج عبدالمجید عوض بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی دس سال سے مسلط پابندیوں کے حوالے سے بھی بھارتی سفیر کو بریفنگ دی۔

بھارتی سفیرہ سے ہونیوالی بات چیت میں فلسطینی سیاسی جماعتوں میں مفاہمتی عمل آگے بڑھانے، لبنان میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل کے حل اور اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی’اونروا‘ کی جانب سے پناہ گزینوں کی امدادی سروسز کم کرنے جیسے معاملات پربھی بات چیت کی گئی۔بھارت کی خاتون سفیرنے حماس وفد کویقین دلایا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔ حماس کے وفد نے بھی جمہوریہ ہند کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت پرانیتانیرکا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :