غزہ میں حماس کی سرنگوں کے خاتمے کیلئے امریکہ ‘اسرائیل خفیہ گٹھ جوڑ،صہیونی اخبار نے امریکی سازش بے نقاب کردی

دونوں ممالک کا غزہ میں سرنگوں سے نمٹنے کیلئے زیرزمین آئرن ڈوم سسٹم نصب کرنے کا بھی پلان ،سرنگوں کی نشاندہی ،تباہ کرنے کیلئے امریکی انٹلیجنس اداروں کے ماہرین بھی اپنی خدمات اسرائیل کو مہیا کرینگے، رپورٹ

بدھ 16 مارچ 2016 14:05

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) اسرائیلی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں حماس کی جانب سے کھودی گئی سرنگوں سے نمٹنے کیلئے امریکا اور تل ابیب کے درمیان خفیہ معاہدہ طے پایا ہے۔ معاہدے کے تحت واشنگٹن غزہ میں سرنگوں کو ختم کرانے کیلئے تل ابیب کو ہرممکن تعاون فراہم کریگا۔اسرائیلی انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کے درمیان غزہ کی سرنگوں کو ختم کرنے کیلئے باہمی تعاون کا اعلان اس خطرے کے تدارک کیلئے اہم پیشرفت ہے۔

اس کے نتیجے میں غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے کھودی گئی سرنگوں کومسمار کرنے کا ایک بڑا موقع ملے گا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے غزہ میں سرنگوں سے نمٹنے کیلئے زیرزمین آئرن ڈوم سسٹم نصب کرنے کا بھی پلان تیار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سرنگوں کی نشاندہی اور انہیں تباہ کرنے کیلئے امریکی انٹیلی جنس اداروں کے ماہرین بھی اپنی خدمات اسرائیل کو مہیا کرینگے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان غزہ کی سرنگوں سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کے اعلان میں واشنگٹن کی جانب سے تل ابیب کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کیساتھ آئرن ڈوم کی بیٹریاں اپ گریڈ کرنیوالی امریکہ اسرائیل کی مشترکہ فرموں کو امداد فراہم کرنا بھی شامل ہے۔اسرائیل ٹو ڈے کے مطابق اسرائیلی فوج جلد غزہ کی پٹی کی سرحد پربنائی گئی باڑ کیساتھ جدید سینسر نصب کریگا جو غزہ میں حماس کے جنگجووٴں کی جانب سے کھودی گئی زیرزمین سرنگوں کی نشاندہی کیساتھ زیرزمین ہونیوالی کسی بھی قسم کی نقل وحرکت کا پتا چلانے میں مدد دے گا۔

متعلقہ عنوان :