انشورنس کمپنی ایجیاس کی نقصانات کے ازالے کیلئے شیئر ہولڈرز کو 1.2 ارب یورو کی پیشکش

بدھ 16 مارچ 2016 14:40

برسلز ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) بیلجیم کی انشورنس کمپنی ایجیاس نے 2008 ء کے مالیاتی بحران کے دوران فورٹیز بینک انشورنس گروپ کی علیحدگی کے باعث ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے شیئر ہولڈرز کو 1.2 ارب یورو کی پیشکش کردی۔گزشتہ روز کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وہ اہل شیئر ہولڈرز کو 1.204 ارب یورو (1.338 ارب ڈالر)ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

بیلجیم ہالینڈ فورٹیز گروپ کو 2008 ء کے مالیاتی بحران کے عرصے میں توڑ کر اس کے کچھ حصے کوہالینڈ حکومت نے قومیا لیا تھا جبکہ بیلجیم کا حصہ فرانسیسی کمپنی نے خرید لیا تھا۔شیئر ہولڈرز کی جانب سے مقدمات دائر ہونے کے بعد ان کی رقوم کی واپسی کیلئے اقدامات شروع ہوئے۔شیئر ہولڈرز کا الزام ہے کہ جب فورٹیز گروپ کے ساتھ کاروباری اشتراک کیا گیا تو وہ دیوالیہ پن کے دھانے پر تھا۔عدالت نے شیئر ہولڈرز کے معاملات چھ ماہ میں حل کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ ان کے مکمل خاتمے میں ڈیڑہ سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔