تحفظ خواتین قانون کے حوالے سے حکومتی کمیٹی بنانے سے مسئلہ حل ہوجائے گا، اکرم درانی

بدھ 16 مارچ 2016 16:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی نے کہا ہے کہ تحفظ خواتین قانون کے حوالے سے حکومت نے کمیٹی بنا دی ہے اور مسئلہ حل ہوجائے گا‘ مشرف کے بیرون ملک جانے کی اجازت دینا عدالت کا اختیار تھا‘ پشاور میں دہشت گردی کا واقعہ افسوسناک ہے جب تک سہولت کاروں کے خلاف ٹھیک طرح کارروائی نہیں ہوگی، دہشت گردی کے واقعات ہوتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کو بیرون ممالک جانے کی اجازت دینا عدالت کا اختیار ہے اب وہ جائیں اور علاج کرائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام ممبران اسمبلی کو اجلاس میں آنا چاہئے اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنا چاہئے ۔ پشاور کا واقعہ افسوسناک ہے اور دہشت گردی کو روکنے کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔ دہشت گردی میں ملوث سہولت کاروں کے خلاف صحیح طرح ایکشن نہیں لیا جارہا دہشت گردی کے واقعات کے خلاف تحقیقات کرکے رپورٹ منظر عام پر لانی چاہئے۔