پشاورمیں ملازمین کی بس پر دہشت گردی کا واقعہ افسوسناک ہے،وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات

بدھ 16 مارچ 2016 16:26

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں سہولت کاروں کے خلاف کارروائی تک دہشت گردی کے واقعات ہوتے رہیں گے، پشاورمیں ملازمین کی بس پر دہشت گردی کا واقعہ افسوسناک ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ سالوں کی نسبت موجودہ دور حکومت میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

چارسدہ میں ولی خان یونیورسٹی ،شبقدر جیسے واقعات کے بعد دہشت گردی میں تعاون کرنے والے سہولت کاروں کے خلاف جب تک کارروائی نہیں ہوگی دہشت گردی کا سلسلہ چلتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کی حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ اربوں روپے گرین پختونخوا پر لگائے جارہے ہیں جن کی ضرورت نہیں، کے پی کے کی حکومت امن وامان کی صورتحال اوردہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سپیشل پولیس فورس بنائے۔ انہوں نے کہا کہ آج پشاور میں ملازمین کی بس میں دھماکہ ہواجس کے نتیجہ میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، میں اس دھماکہ کی مذمت کرتا ہوں اورکے پی کے کی حکومت کی توجہ عوام کے جان ومال و تحفظ کی طرف مبذول کرانے کی ضرورت ہے۔