بیرسٹر اعتزاز احسن کا عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کو بیرون ملک سفر کی اجازت دینے پر حیرت کا اظہار

مشرف پر سنگین الزامات پر مقدمات قائم ہیں، ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، غداری کا مقدمہ بھی بھگت رہے ہیں ، ممکن ہے پاکستان واپس نہ آئیں ، عدالتی فیصلوں میں انسانی حقوق کے معیار کا خیال رکھا جائے ، بیان

بدھ 16 مارچ 2016 20:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف بیرسٹر اعتزاز احسن نے عدالت کی جانب سے جنرل پرویز مشرف کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت دینے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف چند مقدمات میں عدالتوں میں پیش ہی نہیں ہوئے اور وہ انصاف سے دامن چراتے رہے۔ ان پر سنگین الزامات پر ان پر مقدمات قائم ہیں اور ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری ہو چکے ہیں۔

وہ غداری کا مقدمہ بھی بھگت رہے ہیں جو ابھی زیر سماعت ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ وقت کب آئے گا جب طاقتور افراد کو بھی انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ممکن ہے کہ جنرل مشرف پاکستان واپس نہ آئیں۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت کے سارے فیصلوں میں انسانی حقوق کے معیار کا خیال رکھا جائے اور چونکہ عدالت کے فیصلے قابل تقلید ہوتے ہیں اس لئے سارے شہریوں کو ایک جیسی سہولیات ملنی چاہئیں اور چاہے کوئی غریب ہو یہ امیر، یا کمزور ہو یا طاقتور انصاف سب کے لئے برابر ہونا چاہیے۔ مشرف کے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا یہ فیصلہ سب کے لئے سبق ہے کہ طاقتور کس طرح اپنے لئے سہولیات حاصل کرلیتا ہے۔