کوئی بھی قانون آئین اور قرآن وسنت کے منافی نہیں بنایا جائے گا ٗ سردار محمد یوسف

اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے ملک جلد امن کا گہوارہ بن جائے ٗوفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 16 مارچ 2016 20:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ کوئی بھی قانون آئین اور قرآن وسنت کے منافی نہیں بنایا جائے گا، اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے ملک جلد امن کا گہوارہ بن جائے ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قرآن وسنت کے خلاف قانون کو قبول نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے جبکہ 1973ء کے آئین کے تحت سارا نظام چل رہا ہے اورحکومت آئین سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مذہبی جماعتیں مطمئن رہیں قرآن وسنت کے منافی کوئی قانون نہیں بنایا جائے گا، تحفظ خواتین بل پر مذہبی جماعتوں کی طرف سے کئے گئے اعتراضات پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کمیٹی قائم کردی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پشاور میں ملازمین کی بس میں بم دھماکہ کی بھرپورمذمت کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ کرے کہ ملک سے دہشت گردوں کا جلد خاتمہ ہو اورملک امن کا گہوارہ بن جائے ۔