پاکستان اور ترکمانستان نے منی لانڈرنگ ٗ دہشتگردی کیلئے مالی اعانت کی روک تھام ٗفنانشل انٹیلی جنس بارے مفاہمت کی یادداشت سمیت 8 معاہدوں پر دستخط دکر دیئے

پروقار تقریب وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی ٗ وزیر اعظم نواز شریف اور ترکمانستان کے صدر بھی موجود تھے

بدھ 16 مارچ 2016 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان اور ترکمانستان نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کیلئے مالی اعانت کی روک تھام کیلئے فنانشل انٹیلی جنس بارے مفاہمت کی یادداشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے بارے میں 8 معاہدوں پر دستخط کر دیئے ہیں ۔بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں دستخطوں کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم وزیراعظم محمد نواز شریف اور ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف موجود تھے ٗ دونوں ممالک نے دستاویزات اور مشترکہ اعلامیہ پر بھی دستخط کئے۔

خارجہ امور کی وزارتوں کے درمیان تعاون کے پروگرام 2016-17ء پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لئے فنانسنگ سے متعلق فنانشل انٹیلی جنس کے تبادلے کے شعبہ میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کے ترکمن ہم منصب محمد علی محمدوف نے دستخط کئے۔

توانائی کے میدان میں تعاون کے بارے میں ایم او یو پر وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور ترکمانستان کے وزیر تیل و گیس معراجلدی میریدوف نے دستخط کئے۔ پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) اور ترکمانستان کی میگتمگلی ترکمن یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو پر ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) ضیاء الدین نجم اور ریکٹر ایم ٹی ایس یو گرتنیاز ہین مردوف نے دستخط کئے۔

انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز پاکستان نے انٹرنیشنل یونیورسٹی فار ہیومنٹیرین اینڈ ڈویلپمنٹ اشک آباد اور انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز وزارت خارجہ امور ترکمانستان کے ساتھ دو الگ ایم او یوز پر دستخط کئے۔ یہ دستخط صدر آئی پی ڈی ایس فرحت آصف، ریکٹر آئی یو ایچ ڈی احسن آئیدوف دیف اور ریکٹر آئی آئی ٹی بابا ظہوروف نے کئے۔ کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ترکمن اسٹیٹ انسٹیٹیوٹ آف اکنامک اینڈ مینجمنٹ کے درمیان ایم او یو پر ریکٹر کامسیٹس جنید زیدی اور ریکٹر ترکمن انسٹیٹیوٹ اویس گیلدی اسحان گلیوف نے دستخط کئے۔

کامسیٹس سینٹر آف پالیسی سٹڈیز اور ترکمانستان کے انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے درمیان دستاویز پر ریکٹر جنید زیدی اور بابا ظہوروف نے دستخط کئے۔

متعلقہ عنوان :