وزیر اعلی سے ترک سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات ،قابل تجدید ذرائع سے بجلی کا منصوبہ لگانے میں اظہار دلچسپی

بدھ 16 مارچ 2016 21:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ءپی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں ترک سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی اورپنجاب میں توانائی خصوصا قابل تجدید ذرائع سے بجلی کا منصوبہ لگانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے بجلی کے منصوبے لگا رہی ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے علاقے بہاولپور میں سب سے بڑا قائد اعظم سولرپارک بنایا ہے جبکہ پنجاب میں گیس پاورپلانٹس کے منصوبوں پر بھی تیز رفتاری سے کام جاری ہے -وزیر اعلی نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کوترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کررہے ہیں اور ترکی کے سرمایہ کاروں کو بھی پنجاب میں سرمایہ کاری پر ہر ممکن سہولت دیں گے - ترک سرمایہ کاروں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ لگانے کے خواہاں ہیں - چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی عارف سعید، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری توانائی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-

متعلقہ عنوان :