جاپان کے قونصل جنرل کی گورنر سندھ سے الوداعی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت

بدھ 16 مارچ 2016 21:33

کراچی ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے جاپان کے قونصل جنرل اکیرااوچی نے بدھ کے گورنر ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے جاپانی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تعیناتی کے دوران پاک جاپان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات او ر دلچسپی کے باہمی امور سمیت مشترکہ سرمایہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک جاپان دوطرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جاپانی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی کے بعد پاکستان میں امن و امان کا قیام عمل میں آیا، پاک فوج نے قربانیاں دے کر پاکستان سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا ہے، موجودہ حالات سرمایہ کاروں کے لئے ساز گار ہیں، جاپانی سرمایہ کار پاکستان باالخصوص صوبہ سندھ میں ٹرانسپورٹ، انرجی، زراعت، انفرااسٹرکچر بحالی سمیت دیگر اہم منصوبوں پر سرمایہ کاری سے فوری منافع حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جاپانی قونصل جنرل نے اپنی تعیناتی کے دوران بھرپور تعاون فراہم کرنے پر گورنرسندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تعیناتی کے دوران جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان با الخصوص صوبہ سندھ اور شہر میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا اور آئندہ بھی وہ سرمایہ کاروں کو ترغیب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام امن کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے سے خوشحالی یقینی ہے، صوبہ سندھ اور کراچی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ہیں۔

متعلقہ عنوان :