Live Updates

پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ کراچی شہر میں ہڑتالوں کے خلاف آواز بلند کی ہے

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی کی کراچی میں پریس کانفرنس

بدھ 16 مارچ 2016 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ کراچی شہر میں ہڑتالوں کے خلاف آواز بلند کی ہے،تحریک انصاف نے دھرنوں میں قوم کے حقوق کی جنگ کے دوران جدوجہد میں کسی کو نقصان نہیں پہنچایا نا، بلکہ ہمیشہ پاکستانیت کی سیاست کی ہے اور بلا رنگ و نسل و مسلک لوگوں کو تحریک انصاف کے جھنڈے تلے جمع کرنے کی کوشش کی ہے۔

تحریک انصاف ایک قومی جماعت ہے ۔یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز تحریک انصاف کراچی کے مرکز ’’انصاف ہاؤس‘‘نرسری میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، منصور شیخ، دوا خان صابر، ارم بٹ،امجد اﷲ خان، امجد جاہ، شاہنواز جدون، غلام اکبر موریجو، سرور راجپوت، محمد ریاض حیدر، راجہ اظہر خان، صائمہ ندیم، نصرت واحد احسن جمیل ، عادل صدیقی، نزاکت عباسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فردوس شمیم نقوی نے حلقہ قومی اسمبلی NA-245اور حلقہ صوبائی اسمبلی سندھ PS-115میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے امیدواروں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف نے اپنے سابقہ عہدیداروں ، پارٹی لیڈروں اور کارکنان سے مشاورت اور ان کی حمایت کے بعد حلقہ قومی اسمبلی NA-245سے امجداﷲ خان اورحلقہ صوبائی اسمبلی سندھPS-115سے امجد آصف جاہ کو بطور امیدوار نامزد کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اور شہر کراچی کو لسانیت اور فرقہ واریت سے نکال کرقومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں۔

کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور یہاں کے نوجوان آج نوکریوں کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ آج بلدیاتی انتخابا ت کو تقریباً 3ماہ سے زیادہ عرصہ ہو چکا ہے لیکن ابھی تک میئر، ڈپٹی میئر اور مخصوص نشستوں پر انتخابات نہیں ہو سکے،کیونکہ کراچی اور سندھ میں سیاست کرنے والی دو جماعتیں نہیں چاہتیں کہ سندھ میں بلدیاتی نظام آئے اس لئے یہ انتخابات تاخیر کا شکار ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کے بعد مخصوص نشستوں میں ردبدل کرنا غیر آئینی اقدام ہے۔فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبے بھر میں جلد از جلد بلدیاتی حکومتیں قائم کی جائیں تاکہ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ایم کیو ایم نہیں چاہتی کہ کراچی شہر کے مسائل حل ہوں اور یہاں بلدیاتی نظام رائج ہوجائے کیونکہ ایم کیو ایم جانتی ہے کہ اس کے پاس کراچی کی کل اکثریت نہیں اور ابھی بھی تین ضلعوں اور ایک ڈسٹرکٹ کونسل میں ایم کیو ایم حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ کراچی شہر پڑھے لکھے لوگوں کو شہر ہے اور کراچی کے شہری اب ایم کیو ایم کی سیاست کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں اور مزید ان کے ہاتھوں بے وقوف نہیں بنیں گے انشاء اﷲ NA-245اور PS-115میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کراچی کے شہری بڑی تعداد میں اپنے گھروں سے نکل کر بلے پر ٹھپہ لگاکر تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں گے،کیونکہ تحریک انصاف نے ہمیشہ متوسط طبقے کے عوام کے حقوق اور فرسودہ نظام کے خاتمے کی بات کی ہے۔ہم الیکشن کمیشن سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ ضمنی انتخابا عام دن کے بجائے چھٹی کے دن یعنی اتوار کو کروائے جائیں تاکہ لوگ چھٹی کے دن زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ کاسٹ کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات