شکارپور میں پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، آصف علی زرداری

جمعرات 17 مارچ 2016 10:54

سکھر ۔ 16مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنیٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے شکارپور میں پولیو ٹیم پر حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ حملہ آوروں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں سخت سزا دلائی جائے۔

(جاری ہے)

سکھر میں پی پی پی پی چیئر مین ریجنل میڈیاآفس ہادی بخش بکھرانی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اپنے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے کی مہم میں شریک پولیو ورکرز ہمارے ہیرو ہیں جو آئندہ نسلوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت سندھ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کوبہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز پر حملہ کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آصف علی زرداری نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔