محمد حفیظ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کے خلاف فتح کو اگلے میچوں کیلئے بہترین قرار دیدیا

جو کھلاڑی کارکردگی دکھانے میں ناکام تھے وہ بھی فارم میں آگئے ہیں ‘ بلے باز

جمعرات 17 مارچ 2016 12:45

کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کاربلے باز محمد حفیظ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کے خلاف فتح کو اگلے میچوں کیلئے بہترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کھلاڑی کارکردگی دکھانے میں ناکام تھے وہ بھی فارم میں آگئے ہیں۔بی بی سی کو ایک انٹرویو میں محمد حفیظ نے کہاکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آغاز بہت اچھا ہے ‘ احمد شہزاد ٹیم میں واپس آئے، شرجیل نے وہ آغاز فراہم کیا جو ہمیں چاہیے تھا۔

قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز کے مطابق ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کے باعث میں بھی دباوٴمیں تھا اب ایک اچھی اننگز سے دباوٴ ختم ہوگیا اور ہم نے یہاں دومیچوں میں اچھا کھیلا ہے۔محمد حفیظ نے ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 4 میچوں میں 31 رنز بنا پائے تھے ‘ پوری ٹیم بیٹنگ میں بری طرح ناکام ہوئی تھی اور بنگلہ دیش کے خلاف فیصلہ کن میچ میں شکست سے دوچار ہوکر ایونٹ سے باہر ہونا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹیم کے تجربہ کار بلیباز کے مطابق یہاں آکر ہم نے اپنی بنیادی تکنیک کو بروئے کار لایا اور اپنے شارٹ نہیں روکے جس کا ہمیں فائدہ ہوا۔محمد حفیظ نے کہا کہ ہمیں آغاز بہتر ملا ہے اور اس کو جاری رکھیں گے ، وہ کھلاڑی جو کارکردگی دکھا نہیں پارہے تھے وہ کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوا ہے جس کا ہمیں فائدہ ہوگا۔