فضائیہ کے ہیرو ایم ایم عالم کو تین برس بیت گئے،تیسری برسی کل منائی جائے گی

جمعرات 17 مارچ 2016 12:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مارچ۔2016ء) پاک فضائیہ کے ہیرو ایم ایم عالم کو اس جہان فانی سے رخصت ہوئے تین برس بیت گئے ان کی تیسری برسی کل(جمعہ کو) منائی جائے گی ،65ء کی جنگ میں ایک منٹ میں دشمن کے پانچ جہاز گرانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا ۔پاک فوج کے ہیرو ایم ایم عالم(محمد محمود عالم) کی تیسری برسی18مارچ جمعہ کو منائی جائے گی اس سلسلے میں منعقدہ تقریبات میں قومی ہیرو کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔

ایم ایم عالم6جولائی 1935ء کو بھارت کے شہر کلکتہ میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے ہیرو ایم ایم عالم نے1965ء کی پاک بھارت جنگ میں سرگودھا کے محاذ پر دشمن ملک بھارت کے پانچ ہنٹرجنگی طیاروں کو ایک منٹ میں مار گرایا تھاجو کہ گنیز بک کے مطابق ایک عالمی ریکارڈہے یہ کارنامہ صرف پاکستانی فضائیہ کی تاریخ ہی نہیں بلکہ جنگی ہوابازی کی تاریخ کا ایک معجزہ تصور کیا جاتا ہے۔ایم ایم عالم نے مجموعی طور پردشمن کے9طیارے گرائے تھے۔65ء کی جنگ کے مذکورہ بے مثال اور بہادری سے بھرپور کارنامے پر ایم ایم عالم کو ستارہ جرات سے نوازا گیا جبکہ لاہور کے علاقہ گلبرگ میں ایک اہم سڑک کا نام ایم ایم عالم روڈ رکھا گیا۔ایم ایم عالم طویل عرصہ تک علیل رہنے کے بعد 18مارچ 2013ء کو انتقال کر گئے ۔