ڈونلڈ ٹرمپ صدر بن گئے تو دنیا کو درپیش10 بڑے خطرات میں سے ایک ہو گا

جمعرات 17 مارچ 2016 12:54

ڈونلڈ ٹرمپ صدر بن گئے تو دنیا کو درپیش10 بڑے خطرات میں سے ایک ہو گا

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مارچ۔2016ء) ایک تحقیق کے مطابق اگر امریکی ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر بن گئے تو یہ دنیا کو درپیش 10 بڑے خطرات میں سے ایک خطرہ ہو سکتا ہے۔ اکونومسٹ انٹیلی جنس یونٹ ( ای آئی یو) کی جانب سے جاری کی گئی درجہ بندی میں ٹرمپ کی صدارت کو برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج اور جنوبی بحیرہ چین میں لڑائی سے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

تحقیقاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ٹرمپ کو صدارت ملنے کا مطلب عالمی معیشت میں بیچینی اور امریکہ میں سیاسی اور سکیورٹی سے متعلق خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسے امید نہیں ٹرمپ ہلیری کلنٹن کو شکست دے پائیں گے جو اس کے خیال میں ڈیموکریٹس کی متوقع امیدوار ہیں۔ای آئی یو کی جانب سے خطرات کی درجہ بندی ایک سے 25 پوائنٹس کے سکیل پر کی گئی ہے۔

چینی معیشت کا زوال 20 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ یوکرین اور شام میں روس کی مداخلت کے نتیجے میں نئی سرد جنگ کا آغاز 16 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ای آئی یو کی جانب سے اس رپورٹ سے متعلق بیان میں کہا گیا ہے کہ تاحال ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پالیسیوں کے بارے میں بہت کم بات کی ہے اور ان کی پالیسیاں بہت تیزی سے تبدیل بھی ہوتی رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :