محکمہ خوراک نے گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں اقدامات کاآغازکردیا

جمعرات 17 مارچ 2016 13:32

فیصل آباد۔17 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مارچ۔2016ء ) محکمہ خوراک نے اپریل میں شروع ہونے والی گندم کی خریداری مہم کیلئے اقدامات کاآغاز کردیاہے۔محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتا یا کہ پنجاب حکومت کسانوں کا استحصال نہیں ہونے دے گی اور گندم کا دانہ دانہ خرید کیا جائیگا۔ انہوں نے بتا یا کہ گندم کے خریداری مراکز کیلئے سنٹرز کا تعین کر لیا گیا ہے اور گندم ذخیرہ کرنے کیلئے گوداموں کی مرمت کا کام بھی جاری ہے جو وسط اپریل تک مکمل کر لیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہمیشہ کسان دوستی کاثبوت دیا ہے اور انشاء اللہ اس بار بھی کسانوں کو فصل کی صحیح قیمت ملے گی جس کیلئے سرکاری سطح پر باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے گندم خریدنے کے عمل سے مقابلے کے رجحان کو فرو غ ملتا ہے اور کاشتکار و کسان کیلئے بہتر قیمت پر فصل بیچنے کے زیادہ مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک نے مقررہ ہدف سے زیادہ خریداری کیلئے بھی اقدامات کر رکھے ہیں ۔