اقوامِ متحدہ جنیوا،کشمیری خواتین افریقہ سمیت دنیا بھر کی خواتین کے لیئے مشعلِ راہ ہیں: احمد قریشی

جمعرات 17 مارچ 2016 17:50

اسلام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مارچ۔2016ء) اقوامِ متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے31 ویں جنیوا اجلاس میں شریک ’کشمیروفد‘ کے اراکین میں شامل پاکستان کے سینئر صحافی اور کشمیر لابنگ گروپ YFK کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر احمد قریشی نے گزشتہ روز UNHRC کے شعبہِ امورِ افریقہ کے زیرانتظام ” آرگنائزیشن فار کمیونی کیشن اِن افریقہ اینڈدی پرو موشن آف اکنامک کوآپر یشن“ کے موضوع پر منعقدہ سائڈلائن سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کشمیری خواتین کو افریقی خواتین کے لیئے مشعلِ راہ قرار دیااحمد قریشی نے کہا کہ جنگ ہو یا امن دونوں حالات میں کسی بھی ملک اور قوم کی پائیدار ترقی کے سفر میں خواتین کا مردوں کے شانہ بشانہ کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے حتیٰ کہ ہنگامی حالات اور حربی علاقوں میں خواتین کا کردار اصلاحی عمل کے لیئے انتہائی ناگزیر ہوجاتا ہے اور اِس حوالے سے کشمیری خواتین کی مثال افریقہ سمیت دنیا بھر کی خواتین کے لیئے کھلی کتاب ہے کیونکہ اگر کشمیریوں کی تحریکِ آزادی اورحقِ خودارادیت کے لیئے جدوجہد میں خواتین کا کردار نہ ہوتا تو بھارتی قتال اور قیدوبند کا نشانہ بننے والے کشمیری مرد اپنی جدوجہد کو موثر طریقے سے جاری رکھنے میں مفلوج ثابت ہوتے۔

(جاری ہے)

احمد قریشی نے کہا کہ غربت اور افلاس کے شکار افریقہ میں 2005 ء کو پہلی بار کسی خاتون کا صدر بننا افریقہ کی خوشحالی کے عمل کی جانب نیک شگون ہے مگر افریقہ کے زمینی حقائق خواتین کے مزید وسیع تر سماجی کردار کے متقاضی ہیں کیونکہ سیاسی، اقتصادی، سماجی، اور قومیتی حوالے سے جب کبھی بھی کسی معاشرے کو ناساز حالات کا سامنا ہوتا ہے تو تب خواتین کا اجتماعی زندگی میں کردار ادا کرنا معاشرے کی ترقی اور فلاح کے لیئے لازمی ہوجاتا ہے۔

جس کی موجودہ دور میں قابلِ تقلید مثال مقبوضہ جموں و کشمیر کی خواتین کی ہے کہ جنہوں نے بھارت کے کشمیریوں پر معاشی، سماجی، سیاسی اور قومیتی سطح کے مظالم کامقابلہ کشمیری مردوں اور طلبہ کے ساتھ مل کر مساوی حیثیت سے کیا ہے اور یہ کشمیری خواتین ہی ہیں کہ جن کی بدولت کشمیریوں کی قومی زندگی میں امنگ، عزم، امید اور تحریک کی کرنیں روشن ہیں اس موقع پر احمد قریشی سمیت افریقی ممالک مراکش اور بینن کے مندوبین سمیت افریقہ پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیااقوام متحدہ کی کونسل برائے اِنسانی حقوق کے اکتیسویں اجلاس میںآ ٹھ رکنی کشمیری وفد کی قیادت ممتاز کشمیری حریت پسند راہنما الطاف حسین وانی کررہے ہیں جبکہ وفد میں کُل جماعتی حریت کانفرنس کے مرکزی راہنما سید فیض نقشبندی اوراشتیاق حمید ،کشمیری حریت پسند راہنمامیر طاہر مسعود، ممتازخاتون کشمیری حریت پسند مسز شمیم شال، انٹرنیشنل لابنگ گروپ یوتھ فورم فار کشمیر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر احمد قریشی، حقوق نسواں و اطفال کے لئے سرگرم سینئر ایکٹیوسٹ پروفیسر شگفتہ اشرف اور انسانی حقوق کی ایکٹیوسٹ زرتاشہ نیازی شامل ہیں۔

یوتھ فورم فار کشمیر، نوجوان کشمیریوں اور پاکستانیوں پر مشتمل ایک رجسٹرڈ اورغیر جانبداربین الاقوامی لابنگ گروپ ہے جو بھارتی فوجی قبضے میں کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :