کراچی، ڈاکٹر عاصم حسین پھر بیمار، میڈیکل بورڈ کا ڈاکٹر عاصم کو آرام کا مشورہ

جمعرات 17 مارچ 2016 18:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) اربوں روپے کرپشن کیس میں ڈاکٹر عاصم حسین جمعرات کو بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ جیل حکام نے ڈاکٹر عاصم کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کر دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کریں تب بھی ڈاکٹر عاصم پیش نہ ہوں۔سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین اربوں روپے کرپشن کیس میں جمعرات کو پھر احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

ساتھ ہی ان کے وکیل بھی غیرحاضر رہے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ سماعت کے موقع پر جیل حکام نے ڈاکٹر عاصم کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو ذہنی صحت اور کمر میں تکلیف کا سامنا ہے اور میڈیکل بورڈ نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ جب دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے تب بھی ڈاکٹر عاصم پیش نہ ہوں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عاصم کے خلاف چار سو باسٹھ ارب روپے کرپشن کے ریفرنس کی سماعت تھی جبکہ اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم کے ساتھ جے جے وی ایل کمپنی کے مالک اقبال زیڈ احمد، شعیب وارثی، ذوہیر صدیقی، زاہد بختیار، عظیم اقبال صدیقی ملزمان نامزد ہیں۔ ملزمان پر گیس کے 5 کنوؤں کے غیرقانونی ٹینڈر جاری کرنے کا الزام ہے۔دونوں ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم کی عدم پیشی پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت 26 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ تمام غیرحاضر ملزمان کو آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے جس میں ڈاکٹر عاصم سمیت تمام ملزمان پر فردجرم عائد کی جائیگی۔ دیگر ملزمان میں اطہر حسین، مسعود رضا اور عبدالحمید بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :