وزیراعلیٰ بلوچستان نے شیخ زید ہسپتال کے انتظامی و مالی نظم و نسق کی بہتری کے ذریعے ہسپتال کو مکمل فعال بنانے کیلئے خود مختار ادارہ بنانے کی منظوری دیدی

جمعرات 17 مارچ 2016 18:09

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے شیخ زید ہسپتال کے انتظامی و مالی نظم و نسق کی بہتری کے ذریعے ہسپتال کو مکمل فعال بنانے کے لیے اسے ایک خود مختار ادارہ بنانے کی منظوری دے دی ہے، وزیراعلیٰ نے ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی ہے، اس حوالے سے انہوں نے فوری طور پر اجلاس منعقد کر کے ان فیصلوں پر عملدرآمد کا آغاز کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

وہ جمعرات کے روز شیخ زید ہسپتال کے دورے کے موقع پر ہسپتال کی کارکردگی سے متعلق دی جانے والی بریفنگ میں اظہار خیال کر رہے تھے، سیکریٹری صحت ڈاکٹر عمر بلوچ اور ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر چنگیز گچکی کی جانب سے وزیراعلیٰ کو ہسپتال کے امور سے متعلق بریفنگ دی گئی، صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، صوبائی مشیران عبیداﷲ بابت، سردار رضا محمد بڑیچ، اراکین صوبائی اسمبلی نصر اﷲ زیرے، طاہر محمود خان، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ ، ڈپٹی میئر یونس بلوچ اور آئی جی پولیس احسن محبوب بھی اس موقع پرموجود تھے، وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال 225بستروں پر مشتمل ہے جو متحدہ عرب امارات کے خلیفہ شیخ زید بن سلطان النہان کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے ہسپتال جدید ترین مشینری سے آراستہ ہے قبل ازیں اس کا نظم و نسق وفاقی حکومت کے زیر انتظام تھا تاہم 18ویں ترمیم کے بعد ہسپتال صوبائی حکومت کے زیر انتظام آگیا ہے، ہسپتال کو صوبائی حکومت کی جانب سے نہ صرف ٹیچنگ ہسپتال بلکہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا تاہم ان فیصلوں پر سینئر ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے عملدرآمد نہ ہو سکا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے ہسپتال میں صرف آؤٹ ڈور مریضوں کا علاج کیا جاتا تھا اب ہسپتال میں مریضوں کو داخل کرنے کی سہولت بھی موجود ہے، ہسپتال کی بھرپور فعالی سے کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے مغربی اضلاع کے عوام کو علاج و معالجہ کی جدید سہولتیں میسر آسکیں گی جس سے سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال پر بھی مریضوں کا دباؤ کم ہوگا، اس موقع پر چیف سیکریٹری سیف اﷲ چٹھہ نے کہا کہ ہسپتال کو خود مختار ادارے کی حیثیت دینے سے اس کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے ہسپتال کو خودمختار ادارے کی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا، قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔

متعلقہ عنوان :