بھارتی وزیرخارجہ میں تمام معاملات پر اختلا فات دورکر لئے گئے ہیں،ملاقات کا بنیادی مقصد بھارتی وزیراعظم کو سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کاکا دعوت نامہ دیناتھا،پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں دوطرفہ تعاون سے اچھے نتائج نکلیں گے،سارک وزارتی اجلاس بہت اچھے ماحول میں ہوا، سارے مسائل کونسل اجلاس میں حل کرلئے گئے ہیں

سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کادعوت نامہ دینے پر وزیراعظم نوازشریف کے شکر گذار ہیں ، پٹھان کوٹ حملے سے متعلق پاکستانی تحقیقاتی ٹیم 28مارچ کوباقاعدہ طورپرتحقیقات کا آغازکرے گی، سشما سوراج

جمعرات 17 مارچ 2016 19:39

پوکھارا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ 17 مارچ۔2015ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیزنے کہا ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج سے تمام معاملات پر سمجھوتہ اورمعاہدہ ہوگیاہے،جن امورپر اختلا فات تھے وہ ملاقات میں طے کر لئے گئے ہیں،ملاقات کا بنیادی مقصد بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو سارک سربراہ کانفرنس کا دعوت نامہ دیناتھا،پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں دوطرفہ تعاون سے اچھے نتائج نکلیں گے،سارک وزارتی اجلاس بہت اچھے ماحول میں ہوا،سارک کے سارے مسائل کونسل کے اجلاس میں حل کرلئے گئے جبکہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کادعوت نامہ دینے پر وزیراعظم نوازشریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاہے کہ پٹھان کوٹ حملے سے متعلق پاکستانی تحقیقاتی ٹیم27مارچ کو بھارت پہنچے گی اور28مارچ کوباقاعدہ طورپرتحقیقات کا آغازکرے گی۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو نیپال کے شہر پوکھارا میں سارک وزارتی کونسل اجلاس کے موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے بعد ان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کررہی تھیں،قبل ازیں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اوربھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں پیش رفت سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کیلئے سارک سربراہ اجلاس کا دعوت نامہ بھارتی وزیرخارجہ کے حوالے کیا،سارک سربراہ اجلاس9اور10نومبر کو اسلام آباد میں ہوناہے۔

ملاقات کے بعد مشترکہ نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ سشما سوراج سے بہت اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی،پٹھان کوٹ حملے کے بعد دونوں ملکوں کی قیادت میں رابطوں کا التواء آیا،نئی پیش رفت سے مثبت نتائج مرتب ہونگے،پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں دوطرفہ تعاون سے اچھے نتائج نکلیں گے۔انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ31مارچ کو امریکی شہر واشنگٹن میں نیوکلیئر سمٹ کے موقع پر پاک بھارت وزرائے اعظموں کی ملاقات ہوگی۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کے ساتھ تمام معاملات پر بات ہوئی،ان معاملات پر سمجھوتہ اورمعاہدہ ہوگیاہے،جن امورپر اختلافات تھے وہ ملاقات میں طے کرلئے گئے ہیں،ملاقات کا بنیادی مقصد سارک سربراہ اجلاس کا دعوت نامہ دینا تھا۔مشیر خارجہ نے کہا کہ سارک وزارتی اجلاس بہت اچھے ماحول میں ہوا، سارک کے سارے مسائل کونسل کے اجلاس میں حل کرلئے گئے ہیں۔

نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیرخارجہ سشماسوراج نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا دعوت نامہ وصول کیا ہے،جس پر وزیراعظم نوازشریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے شکرگرازہیں،ملاقات میں پٹھان کوٹ میں دہشت گردی کے معاملے پر بھی بات ہوئی ہے،پٹھان کوٹ واقعے پرپاکستانی تحقیقاتی ٹیم27مارچ کو بھارت آرہی ہے،پاکستانی تحقیقاتی ٹیم28مارچ کو بھارت میں تحقیقات شروع کرے گی۔دریں اثناء مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مالدیپ کی وزیرخارجہ دونیا مامون اوربھوٹان کی وزیرخارجہ لیون پودورجی سے بھی ملاقاتیں کیں،جس دوران دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔