پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پیر کو طلب ، پی آئی اے کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کے بل سمیت 7زیر التو اء بلوں کی منظور ی لی جائیگی

حکومت کی جانب سے مجوزہ تمام بل منظور کرانے کیلئے اتحادی جماعتوں سے رابطے ، اس سلسلے میں 4رکنی کمیٹی قائم، بیرون ملک موجود حکومتی اراکین اسمبلی اور سینیٹرزکو بھی طلب کرلیاگیا

جمعرات 17 مارچ 2016 19:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ 17 مارچ۔2015ء) دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس پیر کو طلب کر لیا گیا،وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر صدر مملکت نے یہ اجلاس طلب کیاہے ، اجلاس میں پی آئی اے کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کے بل سمیت 7زیر التو اء بلوں کی منظور ی لی جائے گی، حکومت کی جانب سے پی آئی اے سمیت 7بل منظور کرانے کے لیے اتحادی جماعتوں سے رابطے سمیت بیرون ممالک موجود حکومتی اراکین اسمبلی اور سنیٹرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے اور اتحادی جماعتوں سے رابطے کیلئے وزیراعظم نے 4وزراء پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری بل سمیت حکومت کے 7 بل مشترکہ اجلاس سے منظور کروانے کیلئے دونوں ایوانوں ،ایوان بالا اور ایوان زیریں کا مشترکہ اجلاس پیر کو طلب کر دیا گیا،وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر صدر مملکت نے دستخط کر دیے۔

(جاری ہے)

جوائنٹ سیشن سے پی آئی اے کو لمیٹڈ کمپنی بنانے کا بل 2016 ،غیرت کے نام پر قتل کیخلاف ترمیمی بل 2016 ،اینٹی ریپ ترمیمی بل 2015 ، نجکاری کمیشن دوسرا ترمیمی بل 2015 ،گیس چوری کی روک تھام اور واجبات کی وصول بل 2014 ، سول سرونٹس ترمیمی بل 2014 اور دی ایمیگریشن ترمیمی بل 2014 بل کی منظوری لی جائے گی، حکومت کی جانب سے پی آئی اے سمیت 7بل منظور کرانے کے لئے اتحادی جماعتوں سے رابطے سمیت بیرون ممالک موجود حکومتی اراکین اسمبلی اور سنیٹرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے ،اتحادی جماعتوں سے رابطے کے لیے وزیراعظم نے 4وزراء پر مشتمل کمیٹی جس میں وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب ،وزیر موسمیاتی تغیرات زاہدحامد،وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ قائم کردی ہے ۔