ترکمانستان کا سٹوریج سہولیات سمیت مختلف شعبہ جات میں گوادر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

ہم گوادر سے اپنی ملکی بندرگاہ کی طرح استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں ٗ قربان علی بردی محمدوف پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق منصوبوں کیساتھ علاقائی رابطے کے منصوبہ جات کی تکمیل سے پاکستان کا اقتصادی منظر بدل جائیگا ٗوزیر اعظم

جمعرات 17 مارچ 2016 20:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف نے سٹوریج سہولیات سمیت مختلف شعبہ جات میں گوادر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم گوادر سے اپنی ملکی بندرگاہ کی طرح استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں جبکہ وزیر اعظم نواز شریف نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو پاکستان کی اقتصادی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق منصوبوں کے ساتھ علاقائی رابطے کے منصوبہ جات کی تکمیل سے پاکستان کا اقتصادی منظر بدل جائیگا ۔

جمعرات کو وزیراعظم محمد نوازشریف اور ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف کو وسطی ایشیا کے ساتھ پاکستان کے مجوزہ شاہراتی رابطے سمیت علاقائی رابطہ کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شاہد اشرف تارڑ نے یہاں گورنر ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کو وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون (سی اے آر ای سی) پروگرام کے تحت منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو پاکستان کی اقتصادی شہ رگ قرار دیتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق منصوبوں کے ساتھ علاقائی رابطے کے منصوبہ جات کی تکمیل سے پاکستان کا اقتصادی منظر بدل جائے گا اور یہ پورے علاقے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ ترکمانستان کے صدر بردی محمدوف نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بارے میں وزیراعظم نوازشریف کے وژن کو سراہا۔

انہوں نے ترکمانستان۔افغانستان۔پاکستان۔بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے کے ساتھ واقع مجوزہ شاہراہوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ترکمانستان کے صدر نے سٹوریج سہولیات سمیت مختلف شعبہ جات میں گوادر میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم گوادر سے اپنی ملکی بندرگاہ کی طرح استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :