نواب اسلم رئیسانی کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں ،میجر(ر) طارق محمود

بلوچستان میں کرپشن کے حوالے سے 100 سے زائد کیسز کی انکوائری چل رہی ہیں ،24انوسٹی گیشن آخری مراحل پر ہیں ،ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان

جمعرات 17 مارچ 2016 22:10

نواب اسلم رئیسانی کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں ،میجر(ر) ..

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء ) ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان میجر(ر) طارق محمود نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سابق وزیر اعلی نواب اسلم رئیسانی کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں ہم مکمل میرٹ پر کام کررہے ہیں یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ میں نیب کے تحت سمینار کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ڈی جی نیب بلوچستان نے کہاکہ قومی وسائل لوٹنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی، بلوچستان میں کرپشن کے حوالے سے 100 سے زائد کیسز کی انکوائری چل رہی ہیں جبکہ 24انوسٹی گیشن آخری مراحل پر ہیں انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے خلاف تحقیقات آخری مرحلے میں ہے ، نیب میرٹ کے مطابق تحقیقات کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ نیب میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے اور نہ ہی کوئی دباو ہے ،ڈی جی نیب نے کہاکہ نیب کے اندر بھی احتساب کاعمل شروع کیا گیا ہے ، اس عمل کے تحت بددیانت اور غفلت برتنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے ، نیب آرڈیننس کے تحت نیب کے کئی افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔