کراچی،کسی بہترین معاشرے کی تشکیل میں ادب کا بنیادی کردار ہوتا ہے،دنیا سماجی علوم کی طرف پھرمتوجہ ہوئی ہے، پروفیسر ڈاکٹر نعمان الحق

جمعرات 17 مارچ 2016 22:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) کسی بھی علمی و فکری اعتبار سے بہترین معاشرے کی تشکیل میں شعر و ادب کا بنیادی کردار ہوتا ہے، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں دنیا سماجی علوم کی طرف ایک بار پھرمتوجہ ہوئی ہے، پاکستان میں فلسفہ سمیت دیگر سماجی علوم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، دیگر علوم کی طرح ادب اور شاعری انسان کوالفاظ کے برتاؤ میں حصولِ کمال کا سبق دیتی ہے۔

یہ بات ایڈوائزر سماجی علوم اور لبرل آرٹس چئیر، لائبریری کمیٹی، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمینسٹریشن (آئی بی اے) پروفیسر ڈاکٹر نعمان الحق نے جمعرات کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی میں عوامی آگاہی پروگرام کے تحت ’’فلسفیانہ و تاریخی تناظر میں سائنسی طریقۂ کار‘‘ کے موضوع پراپنے خطاب کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

لیکچر کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ اور ورچؤل ایجوکیشنل پروگرام برائے پاکستان کے باہمی تعاون سے ہوا۔ انھوں نے کہا ادب خود آگاہی کا اہم ذریعہ ہے، دنیا میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اہم تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں جس میں دیگر علوم پر سماجی علوم کی برتری شامل ہے، انھوں نے سائنس اور فلسفے کے درمیاں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ سائنس قدرتی مظاہر کے تجرباتی مطالعے کا نام ہے، سائنس تجرباتی مواد پر انحصار کرتی ہے یہ مواد جانچ پڑتال کے قابل ہوتا ہے، سائنس کا تعلق تجربات، مشاہدات اور شواہد وغیرہ سے ہے ، انھوں نے کہا اس کے مقابلے میں فلسفہ انسانی وجود اور انسان اور اسکے وجودیت کے درمیان تعلقات پر بحث کرتا ہے بنیادی سوالات کے جوابات تلاش کرتا ہے، مابعدالطبعیات، منطق، سیاسیات اور اخلاقیات وغیرہ فلسفے کی بنیادی شاخیں ہیں، فلسفہ استدلال پر انحصار کرتا ہے۔

اپنے افتتاحی خطاب میں آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ سائنسی طریقۂ کار سائنس اور غیر سائنس میں فرق واضح کرتا ہے انھوں نے کہا یہ مظاہر کو پرکھنے، نئی معلومات کے حصول اور گزشتہ معلومات کی اصلاح کی ایک اہم تکنیک ہے۔

متعلقہ عنوان :