Live Updates

بلوچستان حکومت تفتان بارڈر پر پھنسے زائرین کی واپسی کیلئے فوری انتظامات کرے، علامہ سبطین سبزواری

وزیر اعلیٰ شہباز شریف، گورنر رفیق رجوانہ اپنا کردار ادا کریں ، صدر شیعہ علما کونسل پنجاب

جمعرات 17 مارچ 2016 22:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سیدسبطین حیدر سبزواری نے وفاقی اور بلوچستان حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ عراق اور ایران کے مقدس مقامات کی زیارت کے بعد تفتان بارڈر پر پھنسے زائرین کی گھروں کو واپسی کے لئے فی الفورانتظامات کئے جائیں۔ شیعہ علما کونسل بلوچستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت ہزار ہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ اتنی تعداد میں زائرین کو بارڈر پر رکھنا اور پھر کانوائے کی شکل میں کوئٹہ لانے سے سکیورٹی خدشات زیادہ ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت مستقل بنیادوں پر اس مسئلے کو حل کرے، اس کے لئے دن مخصوص کردیے جائیں تاکہ اسی شیڈول کے مطابق زائرین کوئٹہ سے تفتان جانے اور واپسی کا پروگرام بناسکیں۔ یہ تجویز زائرین اور خود حکومت کے لئے بھی سہولت کا باعث ہوگی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور گورنر رفیق رجوانہ سے بھی اپیل کی ہے کہ زائرین میں پنجاب سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، انہیں بھی واپسی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے رابطہ کرنا چاہیے۔ ورنہ راست اقدام کے لئے قائد ملت اسلامیہ علامہ ساجد علی نقوی کی ہدایت پر عمل کیا جائے گا۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات