تنازعات بڑھانا نہیں چاہتے ، پرویز مشرف نے علاج کروا کر وطن واپس آنے کا وعدہ کیا ہے ، بلاول بھٹو کو بے نظیر قتل کیس پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں کیوں یاد نہیں آیا،ملتان کے ضمنی انتخابات کا نتیجہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے

وزیر مملکت برائے نجکاری زبیر عمر کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 17 مارچ 2016 22:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء ) وزیر مملکت برائے نجکاری زبیر عمر نے کہا ہے کہ ہم تنازعات بڑھانا نہیں چاہتے ، پرویز مشرف نے علاج کروا کر وطن واپس آنے کا وعدہ کیا ہے ، بلاول بھٹو کو بے نظیر قتل کیس پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں کیوں یاد نہیں آیا،ملتان کے ضمنی انتخابات کا نتیجہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران انہوں نے وزیر اعظم کی طرف سے رانا قاسم نون کو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی، جنوبی پنجاب کے لوگوں نے مسلم لیگ (ن ) پر پھر اظہار اطمینان کیا ہے ، عوام کو مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر اطمینان ہے ، ملتان کے ضمنی انتخابات کا نتیجہ ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، جمہوری ملک میں عوام کے ووٹ سیاسی جماعت کی مقبولیت کا احاطہ کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ حکومتی کارکردگی کو سامنے لانے کا بہترین ذریعہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی بھاری اکثریت سے کامیابی عوام دوست حکومتی پالیسیوں کی عکاس ہیں اور ہماری پالیسیوں کا محور عام آدمی کے مسائل حل کرنے ہیں ۔

(جاری ہے)

زبیر عمر نے کہا کہ ہم ملتان کے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر اﷲ تعالیٰ کے حضور شکر گزار ہیں اور عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیا ہے اور ہم اس مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے