کراچی والوں نے بہت ظلم دیکھ لیا ، نوجوانوں کو را کا ایجنٹ بنادیا گیا ہم امن لائیں گے، مصطفی کمال

کراچی کے لوگ پڑھے لکھے ہیں، دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں، جن نوجوانوں کو غلط راہوں پر لگایا گیا ان پر را کا ایجنٹ کا الزام لگادیا گیا حکومت سے کہتا ہوں نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کیلئے پالیسی طے کرے، مقامی کلب میں میچ کے شرکاء سے خطاب

جمعرات 17 مارچ 2016 22:35

کراچی والوں نے بہت ظلم دیکھ لیا ، نوجوانوں کو را کا ایجنٹ بنادیا گیا ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) ایم کیو ایم کے منحرف رہنما اور سابق سٹی ناظم مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی والوں نے بہت ظلم دیکھ لیا ہے۔ کراچی کے نوجوانوں کو را کا ایجنٹ بنادیا گیا۔ ہم کراچی میں امن لائیں گے اور کراچی کی روشنیوں کو دوبارہ بحال کریں گے۔ کراچی کے لوگ پڑھے لکھے ہیں۔ ان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

جن نوجوانوں کو غلط راہوں پر لگایا گیا ہے اور ان پر را کا ایجنٹ کا الزام لگادیا گیا ہے۔ میں حکومت سے کہتا ہوں کہ ان نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کے لئے پالیسی طے کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مقامی کلب میں کرکٹ میچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ہم امن کا پیغام لائے ہیں اور ہم نے اپنے کارکنوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مخالفین سے بھی محبت کریں۔

(جاری ہے)

ہم تمام لوگوں کو عزت دینا چاہتے ہیں۔ ہمارا پیغام پاکستان میں محبت پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے۔ 70 فیصد ریونیو دیتا ہے۔ کراچی کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی ہے۔ شہر کے لوگوں کو را کا ایجنٹ بنادیا گیا ہے۔ یہ الزام ختم کرنے کے لئے ہم بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے نامور شخصیات پیدا ہونا بند ہوگئی ہیں جبکہ عوام کو اسیر بنادیا گیا ہے۔

کچھ لوگ لاپتہ ہیں۔ ان بھٹکے ہوئے لوگوں کو سیدھی راہ پر لانے کے لئے حکومت کو اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا جھنڈا پاکستان کا پرچم ہے اور اس پرچم کی علامت امن اور بھائی چارگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام سے رابطے میں ہیں اور نوجوانوں کو بھی یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ سیدھی راہ پر آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کو بہتر کرنے کے لئے 6 ماہ کا عرصہ درکار ہے۔ اگر کراچی میں امن ہوگا تو پورے ملک میں امن ہوگا۔ مصطفی کمال نے کہا کہ وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس کی وجہ سے ہم نے اپنی پریس کانفرنس کا وقت تبدیل کیا ہے۔ ہماری جماعت میں جلد اہم لوگ شامل ہوں گے اور کراچی میں عوام کی طاقت سے بھرپور جلسہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :