سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی اور نظم و نسق برقرار رکھنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے،کیپٹن (ر) نسیم نواز

اس سلسلے میں قائمہ ہدایات و طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں ،ڈویژنل کمشنر کی ہدایت

جمعرات 17 مارچ 2016 22:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مارچ۔2016ء)حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سرکاری ہسپتالوں کی اعلی ترین کارکردگی اور عمدہ نظم و نسق برقرار رکھنے کے سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے اور اس سلسلے میں جاری کی جانے والی قائمہ ہدایات و طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ یہ ہدایت ڈویژنل کمشنر کیپٹن (ر)نسیم نواز نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال تاندلیانوالہ کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کی ۔

اسسٹنٹ کمشنر ( جنرل ) مہر شفقت اﷲ مشتاق ‘ اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ طیب خاں بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مریض ہسپتال کی کارکردگی سیمطمن ہونے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک مریض کو شعبہ ایمرجنسی سے ادویات نہ ملنے کی شکایت پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو وارننگ دی کہ اگر آئندہ ایسی کوتاہی یا غیر ذمہ داری سامنے آئی تو محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا ۔

کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جس کی عدم تعمیل ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گی ۔انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو سٹاف کی کمی کے بارے میں تحریری آگاہ کرنے کی تاکید کی ۔ انہوں نے ادویات کی دستیابی اور فراہمی کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کو عام مریضوں تک پہچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہئے اگر ہسپتال انتظامیہ کو انتظامی مسئلہ درپیش ہو تو فوری ان کے نوٹس میں لائیں ۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ڈویژنل کمشنر کو ہسپتال کی کارکردگی اور مریضوں کی روزانہ اوسط تعداد سے آگاہ کیا ۔ بعدازاں کمشنر نے ڈویژنل پبلک سکول تاندلیانوالہ کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ طالب علموں کو معیاری اور بامقصد تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ انہوں نے سکول کے بعض حصوں کا بھی معائنہ کیا اور خالی راضی پر پھلدار اور پھولدار پودے لگانے کی تاکید کی ۔