ثناء اﷲ زہری صوبہ کی خوشحالی اور ترقی کا نشان ہیں، ان کی کوشش ہے بلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوجائے،میر عبدالکریم نوشیروانی

وزیر اعلی بلوچستان اپریل کے آخری ہفتے میں خاران کا دورہ کریں گے،وفود سے گفتگو

جمعرات 17 مارچ 2016 22:43

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مارچ۔2016ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ و زیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری بلوچستان کی خوشحالی اور ترقی کا نشان ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ بلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوجائے نواب ثناء اﷲ زہری کو خاران کے دورے کے موقع پر جو سپاسنامہ پیش کیا جانا تھا موسم کی خرابی کے باعث وہ خاران نہیں آسکے لیکن انہوں نے اس سپاسنامے میں جو بھی مطالبات تھے ان کی منظوری دے کر خاران کے عوام کے دل جیت لئے ہیں یہ بات اُنہوں نے کوئٹہ میں خاران کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ ہم نے سپاسنامے میں جو مطالبات رکھے تھے ان سب کی وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری نے آج منظوری دے دی ہے جس میں خاران کوئٹہ روڈ کیلئے پچاس کروڑ روپے، زمینداروں کیلئے دس ہزار ڈوزر گھنٹے، ریذیڈیشنل کالج خاران کیلئے (آنے والے پی ایس ڈی پی میں) بیس کروڑ روپے،خاران بسیمہ روڈ کیلئے پانچ کروڑ روپے، کسان روڈ کیلئے چار کروڑ روپے، میونسپل کمیٹی خاران کی مشینری، لوڈر، ڈمپر اور اڈے کیلئے چار کروڑ روپے کی منظوری کے ساتھ ساتھ میونسپل کمیٹی کو اگلے مالی سال میں کارپوریشن کا درجہ دینے کا بھی وعدہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ میں اور وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ جو کہ علاقے کے ایم این اے بھی ہیں اور خاران کے عوام ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے خاران واشک میں پی ایس ڈی پی میں جتنے بھی ترقیاتی منصوبے تھے ان کی منظوری دے دی ہے جس سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری بلوچستان میں پسماندہ علاقوں کی ترقی کی طرف خصوصی توجہ دے رہے ہیں خاران کے عوام ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں ہمیں اُمید ہے کہ موجودہ دو سال کے دوران بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری کا اس حوالے سے جو وژن ہے اس کی کامیابی کیلئے ہم تمام اراکین اسمبلی ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ اپریل کے آخری ہفتے میں خاران کا دورہ کریں گے کیونکہ گذشتہ روز موسم کی خرابی کے باعث وہ خاران نہیں آسکے لیکن اب وہ اپریل کے آخری ہفتے میں خاران کے عوام کے درمیان ہونگے۔

متعلقہ عنوان :