صوبائی حکومت نے ادارہ جاتی استحکام کیلئے سٹیٹس کو کا فرسودہ نظام مکمل طور پر ختم کر دیا ہے ،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سید ظفر علی

جمعرات 17 مارچ 2016 22:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء )سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا سید ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے ادارہ جاتی استحکام کیلئے سٹیٹس کو کا فرسودہ نظام مکمل طور پر ختم کر دیا ہے اب صوبے کے تمام حکومتی شعبوں میں میرٹ اور شفافیت کا بول بالا ہو گا اور کرپشن کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہو گی اسلئے سرکاری افسران و اہلکار عوامی خدمت کو شعار بنانے اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بھرپور انداز میں تیاری کریں وہ لوکل گورننس سکول حیات آباد میں فارغ التحصیل ٹرینی افسران کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ظفر علی شاہ نے بلدیاتی نمائندوں اور میونسپل ملازمین کی تربیت کیلئے فارغ التحصیل ٹرینرز پر زور دیا کہ وہ تربیت کا اعلیٰ معیار پروان چڑھائیں تاکہ عوام کو ترقیافتہ ممالک کی طرز پر جدید شہری سہولیات مہیا ہوں اور انہیں بازاروں، گلی کوچوں، قصبوں و دیہات کی سطح پر آلودگی سے پاک صحت افزاء ماحول ملے انہوں نے کہا کہ کہا کہ سرکاری ملازمین اپنا کام بروقت اور تندہی سے کریں تو ہر جگہ انکی قدر و منزلت ہو گی جبکہ آئندہ عوامی اطمینان کی شرط پر انکی جزا و سزا کے فیصلے ہونگے۔