بھارت سے عالمی مقابلوں میں نہ جیتنے کا جمود کبھی نہ کبھی ضرورٹوٹنا ہے ‘عماد وسیم

جمعہ 18 مارچ 2016 12:59

کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی عماد وسیم نے کہاہے کہ بھارت سے عالمی مقابلوں میں نہ جیتنے کا جمود کبھی نہ کبھی ضرورٹوٹنا ہے ‘ بھارت کیخلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کو غیر معمولی کار کر دگی کا مظاہرہ کر نا ہوگا ۔عماد وسیم نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ انڈیا سے عالمی مقابلوں میں نہ جیتنے کا یہ جمود کبھی نہ کبھی ضرور ٹوٹنا ہے یہ ساری زندگی تو نہیں رہنا۔

تو ہم امید کر سکتے ہیں کہ یہ اسی بار ٹوٹ جائے تاہم اس کے لیے پاکستانی ٹیم کو غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔عماد وسیم نے کہاکہ وہ انڈیا کے خلاف ابھی تک نہیں کھیلے ہیں لہٰذا ورلڈ ٹی 20 کے میچ کے حوالے سے وہ بہت پرجوش ہیں اور اس میچ میں اپنی ٹیم کیلئے کچھ کر دکھانا چاہتے ہیں عماد نے کہاکہ انڈین بیٹنگ لائن بہت مضبوط ہے اور اس کے پاس ورلڈ کلاس بیٹسمین ہیں لہٰذا جس کسی بھی بیٹسمین کو وہ آوٴٹ کریں گے وہ بڑی بات ہو گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بھی اس بڑے مقابلے کیلئے بالکل تیار ہے۔عماد وسیم نے کہاکہ وہ نتیجے پر یقین نہیں رکھتے بلکہ ان کی سوچ یہ ہے کہ نیک نیتی اور محنت کیساتھ جو بھی کام کیا جائے اس کا نتیجہ آپ کے حق میں آتا ہے۔عماد وسیم نے کہاکہ ایشیا کپ کے دوران کھویا ہوا اعتماد ٹیم نے بحال کیا ہے اور بنگلہ دیش کے خلاف اس نے بہت ہی زبردست پرفارمنس دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ایک سوا ل کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جس کے نصیب میں جتنا رزق ہوتا ہے وہ اسے ضرور ملتا ہے، وہ کسی بھی بولر سے اپنا مقابلہ اور موازنہ نہیں کرتے۔ ان کے ذہن میں صرف یہی بات ہوتی ہے کہ جب بھی موقع ملے وہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔