صنعتی و تجارتی سولر ای پی سی سالوشنز سے متعلق سیمینار کا انعقاد

شمسی توانائی ہر اعتبار سے اقتصادی طور پر سود مند ہے‘ مقررین کا خطاب

جمعہ 18 مارچ 2016 13:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء)پاکستان میں قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجی کی فراہمی میں نمایاں مقام رکھنے والی ریون انرجی سالوشنز کی جانب سے گزشتہ روز آئی بی ایل بلڈنگ کراچی میں صنعتی و تجارتی سولر ای پی سی سالوشنز سے متعلق سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں سرکردہ کنسلٹنٹس اور انرجی انڈسٹری سے وابستہ کنٹریکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس سیمینار میں شمسی توانائی سے متعلق تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ شمسی توانائی ہر اعتبار سے اقتصادی طور پر سود مند ہے۔سیمینار میں توانائی کے شعبے میں ریون انرجی کے کردار اور شمسی توانائی کو صنعتی و گھریلو صارفین کیلئے قابل استعمال بنانے کی کاوشوں کو بھی اجاگر کیا گیا،ریون اس وقت آن گرڈ اور آف گرڈ سالوشنز کے ساتھ ساتھ PV ہائبرڈ سسٹم بھی صارفین کو فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریون انرجی لمیٹڈ کے سی ای او انعام الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم نے اس وقت جوائنٹ وینچر کے تحت آئی بی ایل بلڈنگ کو چھت پر نصب سولر سالوشن فراہم کیا ہے اور یہی آج کے ایونٹ کی سب سے خاص بات ہے،13.70کلو واٹ کا یہ پراجیکٹ ریون انرجی کی مہارت کا ایک عمدہ ثبوت ہے ۔انعام الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ ان کی کمپنی میڈیم اور لارج اسکیل پراجیکٹ کیلئے کام کررہی ہے اور حال ہی میں واہ نوبل کیمیکلز میں 1میگاواٹ کا سولر پاور پراجیکٹ بھی نصب کیا گیا ہے۔

اس موقع پرنیسپاک ،ای اے کنسلٹنگ پرائیوٹ لمیٹڈ اور انڈسٹری سے وابستہ نمایاں شخصیات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ قابل تجدید توانائی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ،یہ سالوشنز نہ صرف پیدواری لاگت کے اعتبار سے مفید ہیں بلکہ عالمی صحت اور ماحولیاتی قوانین کے بھی تمام تر تقاضوں پر پورا اترے ہیں۔