رحیم یار خان،ایس او پی کے مطابق سیکیورٹی انتظامات نہ رکھنے والے اداروں کی فہرست مرتب کرنے کا حکم

جمعہ 18 مارچ 2016 13:08

رحیم یارخان ۔ 18 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مارچ۔2016ء) ضلع بھر میں غیر محفوظ اداروں اور کاروباری مراکز کی فہرست مرتب کرنے کا حکم ۔ فہرست ڈی سی او اور ڈی پی او رحیم یار خان کو ارسال کی جائے گی جن کی ہدایت پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق متعدد بار تعلیمی اداروں ، عبادت گاہوں اور کاروباری مراکز کے ذمہ داروں کو موجودہ دہشت گردی ، شر پسندی اور سیکیورٹی تحفظات کے تحت مختلف فورمز پر بلا سیکیورٹی انتظامات کو مروجہ قوائد و ضوابط کے مطابق بنانے کی ہدایات کی گئیں ہیں اور با قاعدہ تحریری طور پر ایس او پی ان کے حوالے کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود مشاہدہ میں آیا ہے کہ ضلع کے متعدد مقامات پر سیکیورٹیٰ انتظامات ایس او پی کے مطابق عمل میں نہیں لائے جا رہے اور سیکیورٹی خدشات پائے جاتے ہیں جس پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے اعلی پیمانے پر نوٹس لیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اس سلسلہ میں غیر سنجیدہ طرز عمل کا مظاہرہ کرنے والے اداروں کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے محفوظ رہا جا سکے ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پولیس اور ضلعی اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو کہ ضلع بھر میں قائم اداروں ، کاروباری مراکز ، بنک اور عبادت گاہوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پی کے مطابق سیکیورٹی انتظامات نہ رکھنے والے اداروں کی فہرست مرتب کر کے ڈی سی او اور ڈی پی او رحیم یار خان کو پیش کریں گی اور ان سے ملنے والے احکامات اور ہدایات کی روشنی میں سیکیورٹی رسک کے حامل مقامات کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اس سلسلہ میں ڈی ایس پی سٹی سرکل چوہدری فیاض احمد پنسوتہ کی زیر صدارت سٹی سرکل و صدر سرکل کے پولیس افسران کی ایک اہم میٹنگ ہوئی،میٹنگ میں ایس ایچ اوز تھانہ اے ڈویژن اظہر اقبال ، بی ڈویژن شبیر احمد ، آب حیات ذوالفقار علی ، کوٹسمابہ ملک منظور احمد ، انچارج چوکیات پولیس بھی موجود تھے ۔میٹنگ میں ایسے ادروں کی چیکنگ بارے لائحہ عمل تشکیل دیا گیا اور مشاورت کی گئی ۔