کیمرون میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے 89 اراکین کو سزائے موت سنادی گئی

جمعہ 18 مارچ 2016 13:12

یوانڈے(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء)کیمرون میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے 89 اراکین کو سزائے موت سنادی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیمرون کی فوجی عدالت نے بوکو حرام کے ان اراکین کو نائیجریا سے ملحق شمالی علاقے میں حملوں پر دہشت گردی کا مرتکب قرار دیا ہے۔کیمرون میں 2014 ء میں انسداد دہشت گردی کا قانون منظور کیا تھا جس میں سزائے موت متعارف کروائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس قانون کی منظوری کے بعد پہلی مرتبہ سزائے موت سنائی گئی ‘سزائے موت پائے جانے والے افراد ان 850 افراد میں شامل ہیں جنھیں کیمرون میں بوکوحرام کے ساتھ تعلقات کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔سزائے موت سنائے جانے کے بعد انسانی حقوق کے مقامی تنظیم نے کیمرون کے انصاف کے نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال کیمرون کی جانب سے شدت پسندوں کے خلاف علاقائی اتحاد میں شامل ہونے کے بعد ملک میں سینکڑوں افراد حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔