اسلام آباد ‘انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی

ملزمان کے طبی معائنے اور رہائی کیلئے درخواست دائر

جمعہ 18 مارچ 2016 14:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی جبکہ ملزمان کے طبی معائنے اور رہائی کے لئے درخواست بھی دائر کردی گئی ۔ایف آئی اے نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں عدالت سے پراسیکیوٹر مقرر کرنے کیلئے مہلت مانگ لی ہے۔ ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ملزم معظم علی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔

ملزم خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کی رہائی اور میڈیکل کرانے کی درخواست عدالت میں دائر کی گئی تھی۔وکیل صفائی منصور آفریدی نے کہا کہ ملزمان کو گزشتہ تین سماعتوں پر عدالت پیش نہیں کیا گیا اور ایف آئی اے کی جانب سے چالان بھی عدالت میں جمع نہیں کروایا جارہا۔جس پر عدالت نے معظم علی کی درخواست ضمانت سمیت تمام درخواستوں کی مزید سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔