تمام مڈل سکول تعمیراتی کاموں میں طے شدہ معیار کو مدنظر رکھیں،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہری پور

جمعہ 18 مارچ 2016 15:06

ہری پور۔ 18 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مارچ۔2016ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہری پور حافظ محمد نواز عباسی نے کہا ہے کہ تمام مڈل سکول تعمیراتی کاموں میں طے شدہ معیار کو مدنظر رکھیں، کنڈیشنل گرانٹ سے جاری تعمیراتی کام 20 مارچ سے پہلے مکمل کر کے رپورٹ پی اینڈ ڈی برانچ میں جمع کروائیں، تمام سکولوں کے باہر 4x2 سائز کا بورڈ لگایا جائے جس پر پی ٹی سی فنڈ میں ملنے والی رقم اخراجات اور بقایا رقم کے علاوہ پی ٹی سی اراکین کے نام اور نمبر درج ہوں، جن مڈل سکولوں میں طالبات زیر تعلیم ہیں نئے تعلیمی سال سے انہیں قریبی بوائز سکولوں میں شفٹ کیا جائے۔

وہ گذشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 3 ہری پور میں بوائز مڈل سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اسٹیبلشمنٹ سیکنڈری ملک حق نواز اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ قاضی شاہین اقبال نے بھی خطاب کیا۔ ڈپٹی ڈی ای او حافظ محمد نواز عباسی نے کہا کہ اس کے بعد سکول کے اندر اور باہر تمام میٹنگز سکول ٹائم کے بعد ہوں گی تاکہ پڑھائی متاثر نہ ہو، اس کے بعد تمام ہیڈ ماسٹرز کو معلومات ان کے ای میل ایڈریس پر بھیج دی جائے گی، این ٹی ایس پوسٹوں پر بھرتی ہونے والے ٹیچرز کی پوسٹیں سکول بیسڈ ہیں اس لئے ان کی ٹرانسفر کی درخواستیں دفتر نہ بھیجی جائیں، این ٹی ایس سٹاف کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی کا حق حاصل نہیں ہے تاہم وہ تنخواہ کے بغیر چھٹی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمعہ کے دن سکول ٹائمنگ 8:15 تا 12 بجے ہو گی، بچوں کو کسی صورت فرش پر نہ بٹھایا جائے، اگر ضرورت پڑے تو نیچے ٹاٹ بچھائی جائیں، آئی ایم یو سٹاف سمیت تمام آفیشلز کو سروس کارڈ چیک کر کے سکول میں داخلہ کی اجازت دی جائے۔

متعلقہ عنوان :