بیت المقدس میں چاقو حملے میں یہودی آباد کار زخمی، حملہ آور بحفاظت فرار ہوگیا

جمعہ 18 مارچ 2016 16:17

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے تجارتی مرکز ’تل بیوت‘ میں فلسطینی نوجوان نے چاقو کے حملے میں یہودی آبادکار کو زخمی کردیا۔ حملہ آور کارروائی کے بعد بحفاظت فرار ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ ایک نامعلوم فلسطینی نوجوان نے ایک تجارتی کرمز میں گھس کر یہودی آباد کار پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔

تاہم حملہ آور کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے بحفاظت فرارہوگیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کیا ہے تاہم کسی شخص کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ قبل ازیں گزشتہ روز مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ارئیل یہودی کالونی کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی نوجوانوں نے ایک یہودی خاتون اہلکار پر چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا تھا۔ فلسطینی وزارت صحت نے شہید ہونیوالے شہریوں کی شناخت 20 سالہ عبدالرحمان الکار اور 19 سالہ علی جمال طقاطقہ کے نام سے کی ہے اوردونوں کا تعلق بیت لحم کے قصبے بیت فجار سے بتایا جاتا ہے۔