اردن،اچانک لائن تبدیل کرنے کی کوشش معتمرین کی بس کے حادثے کا باعث بنی، رپورٹ

جمعہ 18 مارچ 2016 16:18

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) اردن میں دو روز قبل فلسطینی عازمین عمرہ کی بس کو پیش آئے المناک حادثے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بس کا حادثہ ڈرائیور کی جانب سے اچانک لائن تبدیل کرنے کی کوشش بنا ہے جس کے نتیجے میں 16 فلسطینی عازمین عمرہ جاں بحق اور 34 زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق اردنی ٹریفک پولیس کے چیئرمین اور دیگر ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی نے بس حادثے کے اسباب کا پتا چلایا ہے اور ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور نے اچانک بس کو اپنی لائن سے ہٹا کردوسری لائن پرلانے کی کوشش کی تھی۔

اردنی وزارت مذہبی امور اور مقدسات اسلامیہ کی جانب سے بھی فلسطینی معتمرین کی بس کو پیش آئے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت زخمی ہونے والے تمام فلسطینی عازمین عمرہ کو ہرممکن طبی سہولیات فراہم کریگی۔ اردنی وزارت صحت نے بھی زخمی فلسطینیوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے فلسطینیوں کو علاج کی مفت سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔