آئینی مجرم کا عدالتی فیصلے سے آزاد ہونا ملک وقوم کیلئے نیک شگون نہیں، زاہد خان

جمعہ 18 مارچ 2016 16:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء)عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے پرویز مشرف کی عدالت سے رہائی اور حکومت کی طرف سے فیصلے کیخلاف اپیل کی بجائے نام ای سی ایل سے نکالنے پر کہا ہے کہ آئین پارلیمنٹ کا محافظ ہوتا ہے آئین کے آرٹیکل 6کا مجرم عدالتی فیصلے سے آزاد ہو گیا ہے جو ملک اور قوم کیلئے کسی بھی طرح نیک شگون قرار نہیں دیا جا سکتا۔

عدلیہ کا فیصلہ جمہوریت کو کمزور کرنے اور آمرانہ سوچ کی مضبوطی کا عکاس ہے۔بدقسمتی سے پاکستان میں آمروں اور آمریت کو ہر بار عدالتوں سے ریلیف دیا گیا ۔عدالتوں کے فیصلے بولتے نہیں نظر آتے ہیں لیکن پاکستان کی عدالتی تاریخ کبھی بھی قوم کیلئے فخر کا باعث نہیں رہی۔عدالتی فیصلے کے خلاف حکومت کو اپیل کرنی چاہئے تھی ۔

(جاری ہے)

ملک و قوم کے دشمن پرویز مشرف کا آذاد ہونا اور بیرون ملک روانگی باعث حیرت ہے ۔

زاہد خان نے کہا کہ جمہوری قوتیں آئین کی بالا دستی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی اور ملک میں بلا تمیز وتفریق قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے اے این پی عوام کے ساتھ کھڑی رہیگی۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں قانون صرف بے بسوں کے خلاف استعمال ہوتا رہیگا پرویز مشرف جیسے طاقتور آذاد ہو کر عدلیہ انتظامیہ کیلئے چیلنج بنتے رہینگے۔