پاکستان میں انسداد ٹی بی کے لئے یو ایس ایڈ پاکستان کا سب سے اہم اور طویل المدتی شراکت دار ہے ٗ جلیل عباس جیلانی

وزیراعظم محمد نواز شریف اورامریکی صدر باراک اوباما کی ملاقات کے دوران صحت میں تعاون ایک اہم ایجنڈا تھا ٗ تقریب سے خطاب

جمعہ 18 مارچ 2016 18:05

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں انسداد ٹی بی کے لئے یو ایس ایڈ پاکستان کا سب سے اہم اور طویل المدتی شراکت دار ہے ٗ وزیراعظم محمد نواز شریف اورامریکی صدر باراک اوباما کی ملاقات کے دوران صحت میں تعاون ایک اہم ایجنڈا تھا۔پاکستان کو ٹی بی کے خلاف موثر اقدامات کرنے پر عالمی ایوارڈ دیئے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ یہ ایوارڈ ٹی بی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی موثر کاوشوں کا اعتراف ہے جس کیلئے وہ عالمی برادری کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر ہمارے لئے باعث طمانیت ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی زیر نگرانی ہمارے ویکسی نیشن پروگرام نے اپنے اہداف حاصل کئے ہیں ٗپاکستان میں ٹی بی کے خاتمہ کیلئے تین ملین افراد کو ٹی بی سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کی گئی جس کیلئے 1300مقامات پر طبی مرکز قائم کئے گئے ۔

(جاری ہے)

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اورامریکی صدر باراک اوباما کی ملاقات کے دوران صحت میں تعاون ایک اہم ایجنڈا تھا اور دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیاتھا کہ اس شعبہ میں باہمی تعاون میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ پاکستان اور امریکا کو درپیش بائیولوجیکل خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں یو ایس ایڈ کی پاکستان میں شعبہ صحت کے بارے کاوشوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں انسداد ٹی بی کے لئے یو ایس ایڈ پاکستان کا سب سے اہم اور طویل المدتی شراکت دار ہے۔