لاہور اور چینگ ڈو کو جڑواں شہر قرار دینے کے فریم ورک کے تحت اشتراک کار مزید بڑھانے پر اتفاق

پنجاب اور سچوان ، لاہور اور چینگ ڈو کے درمیان تجارتی ومعاشی، پینے کے پانی، سینی ٹیشن، سیاحت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال پنجاب اور لاہور کے ساتھ تجارتی، معاشی، تعلیم، صحت، سیاحت، واٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں‘ژاؤ ژی ہانگ

جمعہ 18 مارچ 2016 19:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں چین کے صوبے سچوان کے دارالحکومت چینگ ڈو کے ایگزیکٹو وائس مئیر ژاؤ ژی ہانگ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب اور لاہور اور سچوان اور چینگ ڈو کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، تجارتی ومعاشی ،پینے کے صاف پانی، سینی ٹیشن، سیاحت اوردیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر لاہور اور چینگ ڈو کو جڑواں شہر قرار دینے کے فریم ورک کے تحت اشتراک کار مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال بندھن میں پروئے ہوئے ہیں۔پاکستان کی تاریخ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

پاک چین دوستی کے حوالے سے یہ معاہدے ایک تاریخی حیثیت رکھتے ہیں۔

چینپاکستان کے ساتھ عظیم الشان معاشی و اقتصادی تعاون کا مظاہرہ کر رہا ہے،جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دنیا کے دو بہترین اور مخلص دوست ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے بلند اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ چین ہر مشکل کی گھڑی میں چٹان کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

چین کی حالیہ قیادت نے پاکستان کو 46 ارب ڈالر کا تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج دیا ہے جوچین کی قیادت اورحکومت کاپاکستان کے عوام کیلئے عظیم تحفہ اوروزیراعظم محمد نوازشریف کی لیڈر شپ پر بھرپوراعتماد کااظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک گیم چینجر ہے۔سی پیک کے منصوبے معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب عظیم شروعات ہیں۔

سی پیک کے منصوبوں سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو معاشی فائدہ پہنچے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کے صدر، وزیراعظم اور حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کی صورت میں پاکستان کے عوام کو عظیم تحفہ دیا ہے اوریہ منصوبہ عام آدمی کو بین الاقوامی معیار کی جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ میٹرو ریل کے منصوبے پر دن رات کام ہو رہا ہے اور منصوبے کی تکمیل سے روزانہ 3 لاکھ سے زائد مسافر میٹرو ریل میں سفر کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں پرپل لائن کے منصوبے کیلئے چینگ ڈو تعاون کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ لے سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے اور سینی ٹیشن کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے چینگ ڈو کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے چینگ ڈو کی جانب سے لاہور میں ورکنگ سٹیشن کے قیام کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینگ ڈو ورکنگ سٹیشن کے قیام سے لاہور اور چینگ ڈو کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات میں اضافہ ہوگااوریہ سٹیشن تعلقات کے فروغ میں پل کا کردارادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ورکنگ سٹیشن کے قیام کیلئے چینگ ڈو کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ ایگزیکٹو وائس مئیر چینگ ڈو ژاؤ ژی ہانگ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور لاہور کے ساتھ تجارتی، معاشی، تعلیم، صحت، سیاحت، واٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے فوری طور پر اقدامات کرنے کے خواہاں ہیں۔ چینگ ڈو ائیرلائنز لاہور تک براہ راست پروازیں شروع کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ترقی کے سفر میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔ ایگزیکٹووائس مئیرچینگ ڈو نے وزیراعلیٰ پنجاب کو چینگ ڈو کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کو چین میں’’ مین آف ایکشن‘‘ کہا جاتا ہے اور انہوں نے اپنے صوبے کو مثالی ترقی دی ہے۔چین کے قونصل جنرل یوبورن، صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن، عائشہ غوث پاشا، خواجہ احمد حسان، صدر بینک آف پنجاب، چینگ ڈو میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :