علماء اسلام آباد میں نظام صلوٰۃ کے نفاذ کو مزید موثر اور کامیاب بنانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں ٗسردار محمد یوسف

وزارت مذہبی امور مساجد کمیٹیوں کے ساتھ رابطہ میں ہیں ٗچیف کمشنر اسلام آباد اور محکمہ اوقاف کی کاوشوں کی تعریف

جمعہ 18 مارچ 2016 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ علماء اسلام آباد میں نظام صلوٰۃ کے نفاذ کو مزید موثر اور کامیاب بنانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ وہ یہاں چیف کمشنر دفتر میں نظام صلوٰۃ پر عملدرآمد کے جائزہ ا جلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر خان نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور مساجد کمیٹیوں کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور اس سلسلہ میں چیف کمشنر اسلام آباد اور محکمہ اوقاف کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں نظام صلوٰۃ متعارف کرانے میں مذہبی اکابرین کے کردار کو بھی سراہا۔ نظام صلوٰۃ کمیٹیاں مارچ 2015ء میں تشکیل دی گئی تھیں جو تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، وکلاء، تاجر برادری اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل تھیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی اراکین مذہبی اکابرین نے مشاورت کے بعد نظام صلوٰۃ کیلنڈر کی تیاری کیلئے انتھک محنت کی اور تمام مساجد کیلئے ایک ہی وقت میں اذان پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے اس بڑی کامیابی پر کمیٹی کے رہنماؤں اور مذہبی اکابرین کو مبارکباد دی جو ان کی دن رات محنت کے نتیجہ میں حاصل ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نظام صلوٰۃ اسلام آباد میں بطور ماڈل متعارف کرایا گیا جسے پورے ملک میں سراہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے صوبوں میں نظام صلوٰۃ کے نفاذ کیلئے صوبائی وزرائے اعلیٰ سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تعاون اور مذہبی زعماء سے مشاورت کے بعد نماز صلوٰۃ کو صوبوں میں متعارف کرایا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے نظام صلوٰۃ کے نفاذ کو بڑی کامیابی قرار دیا جس کے ذریعے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ پیش کیا گیا ہے۔

اوقاف ڈیپارٹمنٹ کے افسران، مذہبی اکابرین، مولانا محمد اشفاق، مولانا عامر صدیق، مولانا ضمیر ساجد، مولانا عزیر الرحمان، مولانا گلزار احمد، مولانا منیر احمد، مولانا ساجد نقوی، مولانا حفیظ الرحمن، مولانا اختر الیاس، مولانا محمد اقبال، مولانا ہارون الرشید اور مولانا ذوالفقار احمد نے بھی شرکت کی۔