خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کیلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے،پرویزخٹک

دہشتگردی عالمی مسئلہ ،خاتمے ،دیر پا قیام امن کیلئے متحد ہو کر پامردی سے مقابلہ کرنا ہوگا،صوبہ کئی سالوں سے دہشت گردی کی زد میں ہے،خوفزدہ ہو کر ملک چھوڑنے کی بجائے متحد ہو کر لڑنا ہو گا، افغان سفیر سے افغان باشندوں کی رجسٹریشن ،وطن واپسی سے متعلق دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے ،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعہ 18 مارچ 2016 20:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں امن کے قیام کیلئے افغانستان میں امن کو ناگزیرپرقر ار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے خاتمے اور دیر پا امن کے قیام کیلئے قوم کو متحد ہو کر پامردی سے مقابلہ کرنا ہوگا۔وہ جمعہ کے روز نشتر آباد پشاور میں حاجی حلیم جان شہید کے چہلم کے موقع پر ایک تعزیتی ریفرنس سے گفتگو کر رہے تھے ۔

سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، سینٹرز، سیاسی قائدین ، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام ، تاجر تنظیموں کے عہدیداران اور سماجی و کاروباری شخصیات نے تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر حاجی حلیم جان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دُعا کی گئی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے تعزیتی ریفرنس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی حلیم جان کی خدمات کو سراہا انہوں نے کہاکہ حاجی حلیم کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی صوبے میں امن و عامہ کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صوبہ گزشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی کی زد میں ہے لیکن اس سے خوفزدہ ہو کر ملک چھوڑنے کی ضرورت نہیں بلکہ متحد ہو کر اس کے خلاف لڑنا ہو گاانہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی سے نجات حاصل کرنے کیلئے منظم کوششیں جاری ہیں اور ہماری افواج اس سلسلے میں کسی بھی حد تک جانے کیلئے پرعزم ہیں تاہم خطے میں حقیقی امن کے قیام کیلئے افغانستان میں امن کا ہونا ناگزیر ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ تاجر برادری کے شدید مطالبے پر اُنہوں نے وفاقی حکومت سے ایف سی واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے انہوں نے کہاکہ افغان سفیر سے افغان باشندوں کی رجسٹریشن اور انکے وطن واپسی سے متعلق دو ٹوک موقف اختیار کیا گیاہے انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں دیرپاامن کیلئے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی ضروری ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہشت گردی کی اصل وجہ دہشت گردوں کو بیرونی فنڈنگ ہے جس کو روکنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے تاجربرادری کے مطالبہ پر ہیپٹاٹائٹس ہسپتال کو حاجی حلیم جان کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کمشنر پشاور کو اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی مزید برآں وزیراعلیٰ نے تاجر برادری سے کہا کہ احتجاج اور ہڑتال سے پہلے وہ حکومت سے ضروررابطہ کرلیا کریں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے اُن کے تمام جائز مطالبات پہلے بھی تسلیم کئے ہیں اور آئندہ بھی اُن کی ضروریات پوری کریں گے اس موقع پر ملک مہر الہٰی ، شوکت علی خان، مجیب الرحمن ، حاجی اصغر اور احتشام حلیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی طرف سے 2200 دکانوں کو جاری نوٹس واپس لینے ، حاجی حلیم جان کیلئے تمغہ شجاعت کے مطالبے کو تسلیم کرنے اور ہیپٹاٹائٹس ہسپتال کو حاجی حلیم جان کے نام سے منسوب کرنے کے اقداما ت کو سراہا ۔

تاجروں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر تاجر برادری نے سڑکوں پر احتجاج کے سلسلے کو ختم کر دیا ہے انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے افغان مہاجرین کے مسئلے کے حل کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت ، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کی مشترکہ کوششوں کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے تاجروں کی طرف سے اس سلسلے میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :