تعلیم و تربیت لازم و ملزوم ہیں ، اعلیٰ اخلاقی تربیت کے بغیر تعلیم بناؤ کی بجائے بگاڑ کا سبب بنتی ہے،مظفرسیدایڈووکیٹ

ہمیں نئی نسل کی تربیت ایسے خطوط پر کرنی ہوگی جس سے پیدا ہونیوالا طالبعلم اچھا سائنسدان، ڈاکٹر، انجینئر ،سیاستدان بننے کے علاوہ اچھا انسان ،مسلمان بھی ہو،وزیرخزانہ خیبرپختونخوا

جمعہ 18 مارچ 2016 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ تعلیم اور تربیت لازم و ملزوم ہیں جبکہ اعلیٰ اخلاقی تربیت کے بغیر تعلیم بناؤ کی بجائے بگاڑ کا سبب بنتی ہے ہمیں نئی نسل کی تربیت ایسے خطوط پر کرنی ہوگی جس سے پیدا ہونے والا طالب علم ایک اچھا سائنسدان، ڈاکٹر، انجینئر اور سیاستدان بننے کے علاوہ اچھا انسان اور مسلمان بھی ہو وہ جلالہ مردان میں اُسوہ انٹر نیشنل اکیڈمی کے زیر اہتمام سالانہ جلسہ تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے تقریب کی صدارت شیخ الحدیث مولانا عبدالبر نے کی جبکہ اس سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر عطاء الرحمان ، مولانا سلطان محمد اور سکول کے ڈائریکٹر غلام رسول نے بھی خطاب کیا جنہوں نے سکول کی کارکردگی اور اہداف پر تفصیلی روشنی ڈالی اس موقع پر اُسوہ انٹر نیشنل اکیڈمی کے طلبہ وطالبات نے حمد ونعت،احادیث، تقاریر، ٹیبلو اور قومی نغمے بھی پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے مرکز سے صوبے کے حقوق کے حصول کے لیے ہماری اتحادی حکومت کی کاوشیں رنگ لے آئی ہیں اورمرکزی حکومت کو سالہاسال سے چھ ارب روپے پر منجمد بجلی کے خالص منافع کو 18ارب روپے سالانہ پر مجبور کردیا گیا ہے جبکہ 70 ارب روپے بقایا جات کی مد میں ہمیں ادائیگی کا فیصلہ ہوا جس سے ہمارے صوبے میں ترقی کا عمل تیز ہوگا اور عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیا ت ان کی دہلیز پر فراہم ہوں گی مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ اور اچھی عمارتیں موجود ہیں لیکن یہ ادارے وہ نتائج نہیں دے رہے جن کی ان سے توقع کی جاتی ہے اس کی ایک وجہ والدین کی جانب سے اپنے کردار کادرست طریقے سے ادا نہ کرنا بھی ہے کیونکہ طلبہ ،والدین اور اساتذہ تعلیمی شعبے کے اہم ترین ستون ہیں ان میں سے جو بھی ستون کمزور ہوگا تو اس کا اثر پورے نظام پر پڑے گا اُنہوں نے کہا کہ بچے ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی اگر بہتر خطوط پر تعلیم و تربیت کی جائے تو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے وزیر خزانہ نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے جس نے عرب جیسے پرآشوب خطے کو امن وآشتی کا گہوارہ بنا دیا تھا مگر بدقسمتی سے آج د نیا بھر میں دہشت گردی کا سبب بننے والے ممالک بھی مسلمانوں کو دہشت گردی کے طعنے دے رہے ہیں جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد اوراتفاق پیدا کر کے ملک و قوم کے خلاف سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں مظفر سید ایڈوکیٹ نے اُسوہ انٹرنیشنل اکیڈمی کے تعلیمی معیار کو سراہا اُنہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں انعامات تقسیم کیے مظفر سید ایڈوکیٹ نے اُسوہ انٹرنیشنل اکیڈمی کی نئی عمارت کا سنگ بنیا د بھی رکھا۔

متعلقہ عنوان :