بارشوں سے قبل کے ایم سی اور تمام ڈی ایم سیز نالوں کی صفائی کے کاموں کو مکمل کیا جائے ،جام خان شورو وزیر بلدیات سندھ

جمعہ 18 مارچ 2016 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے ایڈمنسٹریٹر کراچی اور کراچی کے تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بارشوں سے قبل کے ایم سی اور تمام ڈی ایم سیز نالوں کی صفائی کے کاموں کو مکمل کرلیں۔ شہر میں جاری صفائی کی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور کچڑے کو روزانہ کی بنیادوں پر گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن سے لینڈ فل سائیڈ پر منتقل کیا جائے۔

کے ایم سی اور ڈی ایم سیز سپریم کورٹ کے احکامات پر پابندی سے عمل درآمد کریں اور او پی ایس، ڈپیوٹیشن اور نان کیڈر ملازمین کا خاتمہ کیا جائے۔صوبائی وزیر نے کورنگی میں رینجرز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اس شہر اور ملک کے امن کو خراب کرنے کے لئے اس طرح کی کارروائیاں کررہے ہیں لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم ان کی تمام دہشتگردی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کے روز اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ، ایڈمنسٹریٹر سینٹرل عائشہ ابڑو، ایڈمنسٹریٹر ایسٹ رحمت اﷲ شیخ، ایڈمنسٹریٹر ویسٹ اشفاق ملاح، ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ نثار سومرو، ایڈمنسٹریٹر کورنگی غلام رسول اور ایڈمنسٹریٹر ملیر طارق مغل نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات کو تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز نے اپنے اپنے اضلاع میں صفائی ستھرائی کے جاری کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ملیر میں عوامی شکایات پر صوبائی وزیر نے دونوں اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر کچڑے کو جی ٹی ایس سے لینڈ فل سائیڈ تک منتقل کرنے کے اقدامات کریں۔ اس موقع پر انہوں نے ایڈمنسٹریٹرز کراچی اور تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ وہ شہر میں کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے زیر انتظام نالوں کی صفائی کے کاموں کو مزید تیز کریں اور بارشوں سے قبل ان نالوں کی مکمل صفائی کرکے ان کی رپورٹ پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری صفائی ستھرائی کی مہم کو بھی تیز کیا جائے اور رات دن مشینری کو لگا کر صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے اس موقع پر تمام ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں او پی ایس، ڈپیوٹیشن اور نان کیڈرز افسران کا خاتمہ کریں اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر من عمن عمل درآمد کیا جائے۔

صوبائی وزیر نے تمام افسران کو ہدایات دی کہ وہ خود اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں روزانہ یونین کونسل کی سطح پر عوام سے ملاقات کا سلسلہ شروع کریں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے کورنگی میں رینجرز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اس شہر اور ملک کے امن کو خراب کرنے کے لئے اس طرح کی کارروائیاں کررہے ہیں لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم ان کی تمام دہشتگردی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری رینجرز، پولیس اور امن و امان کی بحالی کے اداروں کے نوجوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اس طرح کی کارروائیوں سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے اس سانحہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :