ایشیا پیسیفک کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کا رکن ممالک کی سائبر سیکیورٹی میں استعداد بڑھانے ، خطرات کو سمجھنے اور نمٹنے کیلئے سائبر مشقوں کا انعقاد ،32 ٹیموں نے حصہ لیا، مشقوں سے پائیسا کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی ممکنہ سائبر حملے سے نمٹنے کی صلاحیت میں مزید بہتری آئی ، مالیاتی شعبے میں اس طرز کے حملوں کے بچاؤ میں منفرد صلاحیت پیدا ہوئی ہے،صدر پائیسا عمار حسین جعفری کی پریس کانفرنس

جمعہ 18 مارچ 2016 22:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) ایشیا پیسیفک کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم ہر سال اپنے رکن ممالک کی سائبر سیکیورٹی میں استعداد بڑھانے، سائبر سیکیورٹی کے ممکنہ خطرات کو سمجھنے اور ان سے نمٹنے کیلئے سائبر مشقوں کا انعقاد کرتی ہے۔ اس سال ان مشقوں کا انعقاد گزشتہ روز کیا گیا، جس میں ایشیا پیسیفک کی 32 ٹیموں نے حصہ لیا۔

صدر پائیسا عمار حسین جعفری نے یہ باتیں گزشتہ روز نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائیسا کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے اس سائبر مشق میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ایف آئی اے، نیشنل رسپانس سنٹر برائے سائبر کرائم کے ساتھ مل کر حصہ لیا اور نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سائبر مشق کا موضوع ’’ابھرتے ہوئے سائبر خطرات اور مالیاتی فراڈ‘‘ تھا، جس سے پائیسا کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی ممکنہ سائبر حملے سے نمٹنے کی صلاحیت میں مزید بہتری آئی اور خاص طور پر مالیاتی شعبے میں اس طرز کے حملوں کے بچاؤ میں منفرد صلاحیت پیدا ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پائیسا شروع دن سے ملک بھر میں سائبر سیکیورٹی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس ضمن میں پائیسا نے سینیٹ کمیٹی برائے دفاع و دفاعی پیداوار کے ساتھ مل کر ملک کے پہلے سائبر سیکیورٹی بل اور سائبر سیکیورٹی پالیسی کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ علاوہ دیگر سائبر سیکیور پاکستان اور سائبر وارئرز پائیسا کے مزید پراجیکٹس ہیں جن پر سالانہ سیمینارز اور مقابلے منعقد کئے جاتے ہیں۔

اس سال پائیسا پاکستان انسٹیٹیوٹ آف آئی سی ٹی فار ڈویلپمنٹ کے ساتھ مل کر ملک کی پہلی انٹرنیٹ سَمِٹ منعقد کرنے جارہا ہے۔ اس سَمِٹ میں تمام متعلقہ سرکاری و غیر سرکاری ادارے شامل ہیں۔ اس سَمِٹ سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور اس کی حفاظت کے ضمن میں ایک نئی بحث جنم لے گی۔ عمار حسین جعفری، صدر پائیسا اس سائبر مشق میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔