اسلام کے نام پر گلے کاٹنے ،سکولوں،عبادتگاہوں ،ہسپتالوں اورتجارتی مراکز میں دہشتگردی کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ‘طاہر القادری

جمعہ 18 مارچ 2016 22:35

لاہور/جے پور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن امن کا سفیر اور اسلام کا سچا سپاہی ہے ،اسلامی تعلیمات عالمی امن اور انسانی بھائی چارے سے عبارت ہیں،اسلام وہ واحد دین ہے جو مسلمان تو کیا غیر مسلم کے نا حق قتل کی بھی اجازت نہیں دیتا ۔

(جاری ہے)

بھارت جے پور ویسٹ زون کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پیغمبر امن ﷺ نے مسلم معاشرے میں غیر مسلم کے جان و مال اورعزت کے تحفظ کی ضمانت دی ہے ،اسلام کے نام پر گلے کاٹنے والے سکولوں،عبادتگاہوں ،ہسپتالوں اورتجارتی مراکز میں دہشتگردی کرنیوالوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔یہ انسانیت اور عالمی امن کے دشمن ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ان دہشتگردوں نے سب سے زیادہ نقصان مسلمانوں کو پہنچایا ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے فروغ امن نصاب کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ یہ وہ واحد نصاب ہے جو تاریخ عالم میں پہلی بار امن کو فروغ دینے کیلئے مرتب کیا گیا ہے ،اس نصاب کے ذریعے اسلام کا نام استعمال کرنے والے دہشتگردوں کو دنیا میں تنہا اور بے نقاب کر دیا گیا ہے ۔